Daily Mashriq

پُرجوش بنگال ٹائیگرز کینگروز کو بھی دبوچنے کیلیے تیار

پُرجوش بنگال ٹائیگرز کینگروز کو بھی دبوچنے کیلیے تیار

ناٹنگھم: ورلڈ کپ میں آج بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے درمیان مقابلہ ہوگا جب کہ پرجوش بنگال ٹائیگرز کینگروز کو بھی دبوچنے کیلیے تیار ہیں۔

دفاعی چیمپئن آسٹریلیا ورلڈ کپ میں اب تک اپنی بہترین پرفارمنس کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، اگرچہ مارکس اسٹوئنس کی انجری سے کینگروز کو تھوڑی پریشانی ہوئی تاہم مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز حریف سائیڈز کیلیے ڈراؤنا خواب بنے ہوئے ہیں، ایرون فنچ اور ڈیوڈ وارنر ٹاپ پر اچھی بنیاد فراہم کررہے ہیں جبکہ مڈل آرڈر میں اسٹیون اسمتھ اہم ستون ثابت ہورہے ہیں، اسی لیے آسٹریلوی ٹیم کے سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات بظاہر انتہائی روشن دکھائی دے رہے ہیں۔

دوسری جانب بنگلہ دیش ٹیم کا اب تک ٹورنامنٹ میں فتوحات اور شکست کا پلڑا برابر ہے، گذشتہ میچ میں بنگال ٹائیگرز نے ویسٹ انڈیز کے خلاف انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی سمیٹی، اس سے قبل پہلے میچ میں وہ جنوبی افریقہ کو زیر کرچکے جبکہ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی ان کی کارکردگی کافی اچھی رہی تھی، اسی لیے 5 مرتبہ کے ورلڈ چیمپئن کے خلاف مقابلے کے لیے بھی بنگلہ دیشی ٹیم کے حوصلے کافی بلند ہیں۔

 اہم ترین پلیئر اس وقت شکیب الحسن ہیں جوکہ ثابت کرچکے ہیں کہ وہ حقیقت میں ون ڈے کرکٹ میں ٹاپ آل راؤنڈر کے اعزا ز کے مستحکم ہیں۔ انھوں نے اب تک 4 میچز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے کیساتھ 2 سنچریاں اور 2 نصف سنچریاں اسکور کی ہیں، انھیں اب مچل اسٹارک اور پیٹ کمنز کا سامنا کرتے ہوئے دیکھنا دلچسپی سے خالی نہیں ہوگا۔

ناٹنگھم میں صبح کے وقت رم جھم کا امکان ہے تاہم ساتھ میں تیز ہوائیں چلنے کی وجہ سے بارش کے میچ میں دخل انداز ہونے کی توقع بہت ہی کم ہے، شروع میں کنڈیشنز سے فاسٹ بولرز کو مدد ملے گی تاہم بعد میں بیٹسمین فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

متعلقہ خبریں