Daily Mashriq


مذہب کی ہتک کیخلاف بین الاقوامی قراداد لے کر آئیں گے،وزیراعظم عمران خان

مذہب کی ہتک کیخلاف بین الاقوامی قراداد لے کر آئیں گے،وزیراعظم عمران خان

ویب ڈیسک:پاکستان مذاہب کی ہتک کو روکنے کے لیے بین الاقوامی کنونشن پر دنیا بھر کے ممالک سے دستخط کرائے گا تاکہ آزادی اظہاررائےکی آڑ میں مسلمانوں کو تکلیف نہ پہنچائی جاسکے،وزیراعظم عمران خان۔

دو روزہ بین الاقوامی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان مذہب کی ہتک کے خلاف بین الاقوامی قرارداد لے کر آئے گا، آزادی اظہار کی آڑ لے کر دنیا کے سوا ارب مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس نہیں پہنچائی جاسکتی۔

وفاقی حکومت کے زیر اہتمام کانفرنس میں سعودی عرب، عراق، ایران اور دیگر ممالک سے آنے والے مہمانوں کے علاوہ علما و مشائخ کی بڑی تعداد موجود تھی۔

وزیراعظم نے کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کے دوران کہا کہ اللہ نے انسان کو ایک مقصد کے لیے پیدا کیا ہے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ والہ وسلم کو رحمت للعالمین کا خطاب دیا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہر چند سالوں بعد مغربی ممالک میں نبی ﷺ کی شان میں گستاخی کی جاتی ہے جس سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں انہیں اس عمل سے روکنے کے لیے 'انٹرنیشنل کنونشن آن پریوینٹنگ دی ڈیفرمیشن آف رلیجنز' کنونشن لے کر آرہے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ مختلف ممالک سے اس کنونشن پر دستخط کرائیں گے کہ آزادی اظہار کے نام یا اس کی آڑ لے کر سوا ارب مسلمانوں کو تکلیف نہیں پہنچائی جاسکتی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس مقصد کے لیے انہوں نے ماہر قانون احمر بلال صوفی کو اپنا بین الاقوامی نمائندہ خصوصی مقرر کیا ہے اور انہیں ذمہ داری سونپی ہے کہ وہ مختلف ممالک میں جاکر اس کنونشن پر دستخط کرائیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مغربی ممالک کے لوگوں کو نبی ﷺ کے بارے میں پتہ ہی نہیں، وہ ان کی شان میں گستاخی کرتے ہیں تو مسلمانوں کو غصہ آتا ہے اور لوگ سڑکوں پر نکلتے ہیں اور اپنے ہی ملک میں توڑ پھوڑ ہوجاتی ہے، اس عمل سے انہیں پروپیگنڈا کرنے کا موقع مل جاتا ہے کہ اسلام انتشار پھیلاتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے اسکالرز عوام کو بتائیں کہ حضورﷺ نے سب سے پہلے انسانوں کے کردار بدلنے کی کوشش کی، پاکستان ایک عظیم ملک اس وقت بنے گا جب ہم خود کو تبدیل کرینگے۔

متعلقہ خبریں