Daily Mashriq

ملک بھر میں رواں سال کے دوران 9 ہزار ڈینگی کیسز سامنے آئے

ملک بھر میں رواں سال کے دوران 9 ہزار ڈینگی کیسز سامنے آئے

اسلام آباد: ملک بھر میں رواں سال کے دوران اب تک 8 ہزار 933 ڈینگی کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ وائرس کی وجہ سے 16 افراد اپنی جان سے بھی ہاتھ دھو چکے ہیں۔

نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) کے چیف آف ڈیزیز سرویلنس ڈویژن ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ سندھ سے 2 ہزار 132 کیسز، پنجاب سے 2 ہزار 76، بلوچستان سے ایک ہزار 772، خیبر پختونخوا سے ایک ہزار 612، وفاقی دارالحکومت سے ایک ہزار 206 اور آزاد جموں و کشمیر سے 92 کیسز رپورٹ ہوئے۔

جڑواں شہر اسلام آباد اور راولپنڈی میں یہ وبا بری طرح پھیل گئی جبکہ پنجاب میں سامنے آنے والے 43 کیسز کا تعلق دیگر صوبوں سے تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ '8 افراد سندھ سے، 3،3 اسلام آباد اور بلوچستان اور 2 ہلاکتیں پنجاب سے رپورٹ ہوئیں'۔

ڈاکٹر صفدر کا کہنا تھا کہ راولپنڈی میں کیسز ایئرپورٹ ہاؤسنگ سوسائٹی، گلبہار اسکیم، وکیل کالونی، ڈھوکی منشی اور کوٹ جبی سے کیسز سامنے آئے جبکہ اسلام آباد میں موہرا نگیال اور یو سی کھرپا سے کیسز سامنے آئے۔

این آئی ایچ میں جڑواں شہر سے آنے والے نمونوں سے معلوم ہوا کہ ڈین 2 (ڈینگی وائرس کا ٹائپ 2) پھیل رہا ہے جو اس سے قبل 2017 میں بھی سامنے آیا تھا۔

ڈاکٹر رانا صفدر کا کہنا تھا کہ 'راولپنڈی اور اسلام آباد میں نشاندہی کیے گئے مقامات پر کارروائی کی جارہی ہے جس میں آگاہی مہم اور قابو پانے کے لیے اقدامات شامل ہیں جن میں مچھر دانی، پانی کے برتنوں کو ڈھانپنے کے حوالے سے آگاہی، مچھروں کے انڈوں کو روکنے کے کیمیکلز، گھر گھر پمفلٹس تقسیم کرنا، مسجدوں سے اعلانات اور متاثرہ لوگوں کے درمیان اجلاس منعقد کرنا شامل ہے'۔

راولپنڈی کے کمشنر کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد انہوں نے بتایا کہ نیم سرکاری اور نجی ہسپتالوں نے ڈینگی کے مریضوں کے لیے 260 بستر فراہم کیے ہیں، ہولی فیملی ہسپتال کو اسٹاف کو تربیت دینے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں