Daily Mashriq

اوماڑہ دہشتگرد حملے کے وزیراعظم کے ایران کے دورے پر منفی اثرات مرتب نہیں ہونگے:قریشی

اوماڑہ دہشتگرد حملے کے وزیراعظم کے ایران کے دورے پر منفی اثرات مرتب نہیں ہونگے:قریشی

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اوماڑہ دہشتگرد حملے سے وزیراعظم عمران خان کے ایران کے دورے پر کوئی منفی اثرات مرتب نہیں ہونگے ۔ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کی قیادت ایک موثر لائحہ عمل وضع کرنے پر تبادلہ خیال کریگی تاکہ مضبوط سرحدی نظام کے ذریعے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کی جاسکے۔وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان میں مشکل حالات میں ایران کی ہمیشہ مدد کی ہے اور تہران سے بھی اسی طرز عمل کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایران کے ساتھ خفیہ معلومات کا تبادلہ کیا ہے اور حتیٰ کہ سرحد پار پاکستان مخالف عناصر کے تربیتی مراکز کی نشاندہی تک کی ہے۔شاہ محمود قریشی نے امید ظاہر کی کہ ایران اپنی سرزمین پر موجود ایسے پاکستان مخالف عناصر کے خلاف ٹھوس کارروائی کریگا جو دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش کررہے ہیں۔وزیرخارجہ نے کہا کہ انہوں نے ایران کے وزیرخارجہ سے ٹیلیفون پر تفصیلی گفتگو کی اور انہیں پاکستانی قوم کے جذبات سے آگاہ کیا جنہوں نے جواب میں واقعے کی مذمت کی اور واقعے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے پاکستان کو اپنی تمام ممکنہ حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ خبریں