Daily Mashriq


مشرقیات

مشرقیات

زمانے میں ٹرکوں کی پشت پر سابق صدر جنرل ایوب خان مرحوم کی باوردی تصویریں بنی ہوا کرتی تھیں یا پھر کوئی خوبصورت قدرتی نظارے اور گلزار پینٹ کئے جاتے تھے مگر رفتہ رفتہ منچلوں نے تنوع کی سوجھی۔ منحصر اس پہ ہے کہ گاڑی والے کا مزاج کیا ہے۔ سیاسی ہے تو شیر‘ تیر‘ پتنگ‘ لالٹین اور اب کرکٹ بیٹ وغیرہ وغیرہ۔ ایک عجیب سی تصویر بھی بیک سکرین پر مقبول رہی جس میں ایک لڑکی نما تصویر دونوں ہاتھوں کی دو انگلیوں سے کچھ اشارہ کرتی دکھائی دیتی ہے۔ مقصد ومدعا ہمیں بھی معلوم نہیں۔ سانحہ آرمی پبلک سکول ہوا تو گاڑیوں کی بیک سکرینز پر پھولوں کی طرح شہیدوں کی تصاویر دلوں کو دکھی کرنے کا باعث بنیں۔ قائدین اور حکمرانوں میں اس تصویری مشغلے میں صدر ایوب خان مرحوم کو برتری رہی۔ ضیاء الحق مرحوم اور جنرل راحیل شریف کی تصاویر بھی خال خال دکھائی دیں۔ شعر کو بگاڑ کر یا نثر کے طور پر حال دل کہنے والوں کی اکثریت دکھائی دیتی ہے جس شہر میں جائیں ٹرک‘ رکشوں‘ بسوں‘ ٹرالروں اور گاڑیوں یہاں تک کہ موٹر سائیکل کی بریک بتی پر کچھ نہ کچھ دلی کیفیت کا بیان دیکھنے کو ملتا ہے۔

رکھ کر راستے میں نفرتوں کے کنٹینر

تم نے دل کو اسلام آباد بنا ڈالا

نصیب آزما چکا ہوں قسمت آزما رہا ہوں

کسی بے وفا کی خاطر ٹیکسی چلا رہا ہوں

ہارن آہستہ بجائیں، قوم سو رہی ہے

حلقہ عشق سے انتخاب لڑنے کی ضد نہ کر

ہمیں خبر ہے تیری وفا کی ڈگری جعلی ہے

نہ جوان ہوتے، نہ دل لگاتے

نہ کرتے محبت، نہ رکشہ چلاتے

مہنگائی نے کڈی ایسی جان

کہ بچے بیچ رہا انسان

کہاں گیا وہ سب سامان

روٹی کپڑا اور مکان

سٹیٹس کو چھوڑو صاحب، بچوں کی شادی میں تھوڑا جلدی کیا کرو، کون کالج سے آرہا ہے اور کون ڈیٹ سے ’’جو ڈرائیور ہیں وہ سب جانتے ہیں‘‘

ہیں تو بہت بس چند ایک پر اکتفا کرتے ہیں۔ زخمی دل‘ سڑیا نہ کر بس دعا کر‘ تے ہون اسی کون ہوگئے‘ سنائیں حال دل کس کو، کریں کس پہ بھروسہ‘ جسے اپنا سمجھو وہی بیگانہ نکلتا ہے والی صورتحال کی نشاندہی اکثر جگہ دیکھی گئی ہے۔ ایک جملہ خاص طور پر پسند یہ آیا ہے کہ پیار تے کراں پر تنخواہ بڑی تھوڑی اے۔ ایسا لگتا ہے کہ یہ بالکل بابائے مشرقیات کا جڑواں غمگسار ہے۔ آج کل پیار کیلئے پیار کی نہیں تنخواہ اور جیب بھاری ہونا ضروری ہے ورنہ کوئی لفٹ ہی نہیں کراتی۔ گویا پیار بھی اب غریب کی دسترس میں نہیں رہا۔ اس سے آگے بڑھنے میں خطرہ چارسوچالیس وولٹ ہے لہٰذا بس۔

متعلقہ خبریں