Daily Mashriq

ٹیم کی خراب پرفارمنس کا ذمہ دار بورڈ کو قرار دیا جانے لگا

ٹیم کی خراب پرفارمنس کا ذمہ دار بورڈ کو قرار دیا جانے لگا

 لاہور: قومی ٹیم کی ناقص کارکردگی کا ذمہ دار پی سی بی کو قرار دیا جانے لگا۔

نجم سیٹھی کا کہنا ہے کہ ہار جیت کھیل کا حصہ ہے لیکن ٹیم میں کچھ مسئلہ ضرور ہے، اعتماد کا فقدان نظر آرہا ہے، پی سی بی کی پالیسیوں کی وجہ سے کوچ، کپتان اور کھلاڑی سب عدم تحفظ کا شکار ہیں، ورلڈکپ شروع ہونے سے قبل ہی سب کو فکر تھی کہ مستقبل میں ان کے ساتھ کیا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ سرفراز احمد کی قیادت کے حوالے سے عہدیداروں کے متضاد بیانات سامنے آتے رہے، کپتان نے ورلڈکپ میں سخت مایوس کیا، ان کا اعتماد بالکل غائب ہوگیا، جارحانہ مزاجی بھی نظر نہیں آرہی، بورڈ نے کپتان کو سپورٹ نہیں کیا، ڈریسنگ روم کے حالات ٹھیک نہیں، ان کی مکمل تحقیقات کی جائیں۔

سابق چیئرمین کاکہنا تھا کہ بورڈ میں تقسیم اور دھمکیوں کی بنیاد پر نظام چلایا جا رہا ہے، گزشتہ چند ماہ میں تبدیلیوں کی وجہ سے بہت نقصان ہوا ہے،کہاں ہوتا ہے کہ وزیر اعظم عوام میں ٹیم کے متعلق بیانات دیں، اگر عمران خان کو کچھ سمجھانا ہی تھا تو سرفراز احمد کو فون کردیتے۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ کوچ، کپتان اور کھلاڑیوں نے پی آر منیجر کیوں رکھے ہوئے ہیں، ہمارے دور میں تو ایسا بالکل نہیں تھا، بہتر مستقبل کیلیے اچھی کارکردگی دکھانے والوں کو موقع ملنا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، نتائج سب کے سامنے ہیں، اگر کھلاڑیوں میں اختلافات کی باتیں سامنے آرہی تھیں تو پی سی بی حکام اس مسئلے کا حل تلاش کرتے۔

متعلقہ خبریں