Daily Mashriq

کیا آپ جانتے ہیں دانش تیمور بولی وڈ بیبو کے ساتھ کام کرنے والے تھے؟

کیا آپ جانتے ہیں دانش تیمور بولی وڈ بیبو کے ساتھ کام کرنے والے تھے؟

ویسے تو کئی پاکستانی اداکار ہیں جنہوں نے بولی وڈ انڈسٹری میں بھی اپنی قسمت آزمائی، ان میں کچھ کامیاب ہوئے تاہم کچھ کو خاص توجہ نہیں ملی۔

ان اداکاروں میں ماورا حسین، ماہرہ خان، صبا قمر، علی ظفر، سجل علی، فواد خان وغیرہ شامل ہیں۔

لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ پاکستانی اداکار دانش تیمور کو بھی بولی وڈ میں ایک فلم کرنے کی آفر موصول ہوئی تھی اور وہ اس میں کام کرنے کی حامی بھی دے چکے تھے تاہم پھر پاک-بھارت کے درمیان کشیدہ تعلقات کے باعث وہ ایسا نہ کرسکے۔

جی ہاں، سپر اسٹار دانش تیمور نے اپنے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ وہ بولی وڈ فلم میں کام کرنے جارہے تھے، جبکہ ان کی یہ پہلی ہندی فلم کسی اور کے ساتھ نہیں بلکہ بولی وڈ کی کامیاب اداکارہ کرینہ کپور خان کے ساتھ ہوتی۔

دانش تیمور نے بتایا کہ انہیں 2018 میں ریلیز ہوئی بولی وڈ فلم 'ویرے دی ویڈنگ' میں کرینہ کپور خان کے ساتھ رومانوی کردار نبھانے کی آفر موصول ہوئی تھی، جس کی وہ حامی بھی دے چکے تھے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ان کے ساتھ ساتھ اداکار جاوید شیخ کو بھی اس فلم میں سائن کیا تھا جو کرینہ کے والد کا کردار نبھانے جارہے تھے۔

تاہم شوٹنگ کے لیے روانہ ہونے سے قبل انہیں یہ خبر ملی کہ کرینہ کپور خان حاملہ ہیں اور کئی اور ماہ تک فلم کی شوٹنگ نہیں کی جاسکے گی۔

دانش نے مزید بتایا کہ جیسے ہی کرینہ کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی اور انہوں نے فلموں میں واپسی کا ارادہ کیا، اس کے فوری بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان تعلقات خراب ہوگئے، جس کے بعد وہ اس فلم کا حصہ نہیں بن سکے۔

واضح رہے کہ 'ویرے دی ویڈنگ' کا شمار بولی وڈ کی کامیاب فلموں میں کیا جاتا ہے۔

دانس کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ان کے نصیب میں ہوتا تو وہ اس فلم کا حصہ بنتے تاہم یہ موقع ان کے نصیب میں نہیں تھا۔

اس موقع پر دانش کے ساتھ ان کی اہلیہ عائزہ خان بھی موجود تھیں۔

اور اداکارہ نے انکشاف کیا کہ انہیں بھی بولی وڈ ہدایت کار امتیاز علی نے ایک فلم کی آفر کی تھی تاہم وہ ان کی فلم کا حصہ نہیں بن پائیں۔

جبکہ شو کے میزبان احسن خان نے یہ بھی بتایا کہ بولی وڈ کے کامیاب ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی نے بھی ان سے عائزہ خان کو اپنی فلم میں سائن کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

خیال رہے کہ عائزہ خان اور دانش تیمور دونوں کی شادی کو 5 سال ہوچکے ہیں۔

ان دونوں کی شادی 2014 میں ہوئی تھی، جبکہ شادی سے قبل کئی سالوں سے یہ دونوں ایک دوسرے کو جانتے اور پسند کرتے تھے۔

متعلقہ خبریں