Daily Mashriq

ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد آج پاکستان پہنچیں گے

ملائیشیا کے وزیر اعظم مہاتیر محمد آج پاکستان پہنچیں گے

اسلام آباد: دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد 21 سے 23 مارچ تک پاکستان کے دورہ پر آئیں گے۔

دفتر خارجہ کے بیان کے مطابق اپنے قیام کے دوران ملائیشن وزیر اعظم مہاتیر محمد 23 مارچ کو یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی ہوں گے۔

ڈاکٹر مہاتیر محمد، وزیر اعظم عمران خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور اس دوران ان کے ہمراہ بڑے کاروباری افراد سمیت اعلیٰ سطح وفد شامل ہوگا۔

دورے کے دوران ان کی مصروفیات میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات اور وزیر اعظم عمران خان سے براہ راست ملاقات میں وفود کی سطح پر بات چیت شامل ہے۔

دونوں وزرائے اعظم صنعتوں کے چیف ایگزیکٹو افسران کے اجلاس سے بھی خطاب کریں گے، جو پاکستان کے آٹو موبائل اور ٹیلی کمیونکیشن سیکٹرز میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ ’ملائیشن وزیر اعظم مہاتیر محمد کا دورہ دنوں ممالک کے درمیان موجودہ برادرانہ اور دوستانہ تعلقات کو مزید تقویت دے گا، اس کے ساتھ ساتھ دونوں ممالک کے عوام کے باہمی مفاد کے لیے اقتصادی، تجارتی، سرمایہ کاری اور دفاعی تعلقات کو بڑھانے پر توجہ مرکوز ہوگی’۔

متعلقہ خبریں