Daily Mashriq

خوبرو ماڈل کا پر اسرار قتل اور ’ونس اپون ٹائم ان ہولی وڈ‘

خوبرو ماڈل کا پر اسرار قتل اور ’ونس اپون ٹائم ان ہولی وڈ‘

ہولی وڈ کی آنے والی مسٹری ڈرامہ فلم’ونس اپون ٹائم ان ہولی وڈ‘ کا پہلا ٹریلر جاری کردیا گیا۔

شائقین طویل عرصے سے فلم کے ٹریلر کا انتظار کر رہے تھے۔

فلم کی کہانی نہ صرف ایک خوبرو ماڈل کے پر اسرار قتل کے گرد گھومتی ہے بلکہ فلم میں ہولی وڈ میں اپنا کیریئر بنانے کے لیے جدوجہد کرنے والے اسٹارز کے ابتدائی ایام کو بھی دکھایا جائے گا۔

یہ پہلا موقع ہے کہ لیونارڈو ڈی کیپریو اور براڈ پٹ ایک ساتھ فلم میں ایکشن دکھاتے نظر آئیں گے۔

فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس میں متعدد ہولی وڈ اسٹارز مختصر کرداروں میں مختلف اداکاروں کے کردار کرتے دکھائی دیں گے۔ فلم کی کہانی 1960 کی دہائی کے ہولی وڈ کے گرد گھومتی ہے۔

جاری کیے گئے مختصر دورانیے کے ٹریلر سے فلم کی کہانی کو سمجھنا مشکل ہے، تاہم اندازا ہوتا ہے کہ فلم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔

 ٹریلر کی خاص بات یہ ہے کہ اس کے ذریعے فلم کو ریلیز کرنے کی تاریخ کا بھی اعلان کیا گیا ہے، ساتھ ہی فلم میں پر اسرار قتل کی گئی اداکارہ و ماڈل شیرن ٹیٹ کا کردار ادا کرنے والی اداکارہ مارگوٹ روبی کی جھلک بھی دکھائی گئی ہے۔ساتھ ہی ٹریلر میں بروس لی کے فکشن کردار کو بھی دکھایا گیا ہے جو ہولی وڈ کا شاندار کردار رہے ہیں۔

فلم کی کہانی امریکی شہر لاس اینجلس میں 4 دہائیاں قبل پراسرار طور پر قتل کی گئی اداکارہ شیرن ٹیٹ کے قتل اور 2 ایسے اداکاروں کے گرد گھومتی ہے جو ہولی وڈ میں جگہ بنانے کے خواہاں ہوتے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ فلم میں حقیقی واقعے کو خیالی کرداروں کے ساتھ دکھایا جا رہا ہے۔شیرن ٹیٹ کا حقیقی کردار مارگوٹ روبی کرتی دکھائی دیں گی جب کہ رک ڈالٹن نامی کردار لیونارڈو ڈی کیپریو اور کلف بوتھ کا کردار براڈ پٹ کرتے دکھائی دیں گے۔

یہ دونوں کردار فکشنل ہیں جو متعدد امریکی ڈراموں اور فلموں میں بھی پیش کیے گئے ہیں۔

تاہم ’ونس اپون ٹائم ان ہولی وڈ’ میں ان خیالی کرداروں کے ذریعے 2 ایسے اداکاروں کی کہانی دکھائی جائے گی جو ہولی وڈ میں اپنا مقام بنانا چاہتے ہیں۔

ہدایت کار کوانٹن ٹرانٹینو کی اس فلم کو سونی پکچرز کے بینر تلے رواں برس جولائی میں ریلیز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ شیرن ٹیٹ 1960 اور 1970 کی معروف ہولی وڈ اداکارہ و امریکی ماڈل تھیں، جسے 1969 میں لاس اینجلس کے ایک فلیٹ میں دیگر 4 افراد کے ساتھ پراسرار طور پر قتل کیا گیا تھا۔

محض 26 سال کی عمر میں ماڈلنگ سے اداکاری میں قدم رکھنے والی شیرن ٹیٹ نے بہت ہی کم عرصے میں شہرت کی بلندیوں کو چھو لیا تھا۔

فلمی کیریئر کے ابتدائی چند سالوں میں ہی کامیاب فلمیں دینے والی شیرن ٹیٹ نے 1968 میں ہدایت کار و ساتھی اداکار رومن پولانسکی سے شادی کی تھی، تاہم وہ ایک سال بعد پراسرار طور پر قتل کردی گئی تھیں۔

رپورٹس کے مطابق شیرن ٹیٹ کو جس وقت قتل کیا گیا اس وقت وہ 8 ماہ کے حمل سے تھیں، اور ان کے ساتھ اسی فلیٹ میں رہنے والے مزید 4افراد کو بھی قتل کردیا گیا۔

ان کے قتل کی گتھی آج تک نہیں سلجھ سکی، جب کہ اس واقعے کے حوالے سے امریکی و برطانوی میڈیا پر کئی عرصے تک چہ مگوئیاں ہوتی رہیں، اب اسی واقعے کو لوگ ’ونس اپون ٹائم ان ہولی وڈ‘ میں دیکھ سکیں گے۔

متعلقہ خبریں