Daily Mashriq

جدہ میں لڑکوں کو چھیڑنے پر پاکستانی لڑکی گرفتار

جدہ میں لڑکوں کو چھیڑنے پر پاکستانی لڑکی گرفتار

سعودی عرب میں پولیس حکام نے لڑکوں کو چھیڑنے والی پاکستانی لڑکی کو گرفتار کرلیا۔

عرب اخبار عکاظ کے مطابق اسنیپ چیٹ سمیت سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں عربی بولنے والی ایک لڑکی کو دکھایا گیا جو گاڑی میں بیٹھے کورنیش پر چہل قدمی کرنیوالے لڑکوں کو چھیڑ رہی ہے اور راہ گیروں کے متعلق آداب کے منافی جملے کس رہی ہے۔

ویڈیو وائرل ہوتے ہی ٹوئٹر صارفین کی بڑی تعداد نے اسے مسترد کرتے ہوئے قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے مطالبہ کیا کہ لڑکی کو آداب عامہ کی خلاف ورزی کرنے پر سزا ملنی چاہئے۔

صارفین کی بڑی تعداد کے مطالبے اور ویڈیو وائرل ہوتے ہی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے لڑکی کو گرفتار کرنے کی ہدایت تمام شہروں کی پولیس کو دی گئی تھی۔

بعد ازاں لڑکی اور کار میں موجود اس کی ساتھی کو مدینہ منورہ کے قریب مدائن صالح سے گرفتار کرلیا گیا۔

پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ گرفتار لڑکی پاکستانی ہے اور دونوں لڑکیاں جدہ کے بیوٹی پارلر میں کام کرتی ہیں۔

قبل ازیں چھیڑ خانی کرنے والی لڑکی اور اس کی ساتھی نے اسنیپ چیٹ پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے سوشل میڈیا صارفین اور سعودی شہری وغیر ملکیوں سے معافی مانگی تھی۔

ویڈیو پیغام میں لڑکی کا روتے ہوئے کہنا تھا کہ وہ صرف ہنسی مذاق کررہی تھیں اور انہیں اندازہ نہیں تھا کہ وہ کتنی بڑی غلطی کر بیٹھی ہیں، ان کا مقصد کسی کی توہین نہیں تھا اور وہ اپنے کئے پر بہت پشیمان ہیں۔

واضح رہے کہ سعودی عرب کے قوانین کے مطابق چھیڑخانی کی سزا 5 سال قید اور ایک لاکھ ریال جرمانہ ہے۔

متعلقہ خبریں