Daily Mashriq

اقلیتوں کے حقوق اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھار ہے ہیں، گورنر

اقلیتوں کے حقوق اور ان کے مقدس مقامات کے تحفظ کیلئے اقدامات اٹھار ہے ہیں، گورنر

پشاور (مشرق نیوز) گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اوراقلیتی برادری کے مقدس مقامات کی حفاظت کیلئے عملی اقدامات اٹھارہی ہے۔ یہ بات انہوں نے گذشتہ روز گورنرہاؤس پشاور میں اقلیتی اراکین پارلیمنٹ جمشیدتھامس (رکن قومی اسمبلی) اور ولسن وزیر(رکن صوبائی اسمبلی) سے ملاقات کے دوران کی ۔ ملاقات میں ملکی بالخصوص صوبے کی مجموعی سیاسی انتظامی امور پرتفصیلی طور پرتبادلہ خیال کیاگیا۔ اقلیتی اراکین پارلیمنٹ نے پورے ملک اورخاص طور پر خیبرپختونخوا میں حکومت کی جانب سے اقلیتوں کی فلاح وبہبود کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پراطمینان کا اظہارکیا اور کہاکہ عیسائی کمیونٹی میں اس ضمن میں کوئی دو رائے نہیںہے اور عیسائی برادری موجودہ حکومت کے اقلیتوں سے متعلق اقدامات کی معترف ہے اور خراج تحسین پیش کرتی ہے۔اراکین پارلیمنٹ سے گفتگو کرتے ہوئے گورنرشاہ فرمان کا کہناتھا کہ آئین پاکستان میں تمام اقلیتوں کو مکمل اوربرابر حقوق حاصل ہیں ۔ کرتارپور راہداری کھولنے کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے گورنرکاکہناتھا اس اقدام سے پوری دنیا میں اقلیتوں کے حقوق کی تحفظ کے حوالے سے پاکستان کا امیج بہتر ہوا اور اس اقدام سے ثابت ہوا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کررہاہے۔

متعلقہ خبریں