Daily Mashriq

نیشنل گیمزکی اولمپک مشعل میزبان شہرپشاورپہنچ گئی

نیشنل گیمزکی اولمپک مشعل میزبان شہرپشاورپہنچ گئی

پشاور(جنرل رپورٹر) 33ویں نیشنل گیمز کی اولمپک مشعل ملک بھر کا سفر کرنے کے بعد میزبان شہر پشاور پہنچ گئی جہاں قیوم سٹیڈیم میں خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدرنے مشعل صوبائی مشیرکامران بنگش اورارکان صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد اور واجدعلی کے حوالے کی۔ اس سے قبل تاریخی قلعہ بالاحصار کے پہلو میں استقبالیہ تقریب میں سکواش کے نمبر 1 کھلاڑی فرحان محبوب نے مشعل وصول کی اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبرپختونخوا اسفندیار خٹک کے حوالے کی، قومی کھیلوں کی اولمپک مشعل کا سفر 6 اکتوبر کو روشنیوں کے شہرکراچی میں مزار قائد سے شروع ہو ا، مشعل کراچی سے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ،لاہور، اسلام آباد اور گلگت بلتستان پہنچی، 19 اکتوبر کو خیبرپختونخوا کے پرفضاء سیاحتی مقام ناران میں مشعل خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر سید عاقل شاہ کے حوالے کی گئی جسکے بعدمشعل اولمپئین باکسر کیپٹن ارشد حسین نے وصول کی اور مختلف انٹرنیشنل کھلاڑیوں سے ہوتے ہوئے اس کا خیبرپختونخوا کاسفر شروع ہوا، مشعل ریلی کا دوسرا پڑا ایبٹ آباد میں ہوا جہاں مشعل اولمپئن مدثر نے وصول کرکے سپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی کے حوالے کی، اس موقع پر جلال بابا آڈیٹوریم میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جہاں ہزارہ کے مقامی گلوکاروں نے موسیقی کی پرفارمنس پیش کی، مشعل کا اگلا پڑا اٹک تھا جہاں پر نیشنل سائیکلسٹ چمپئن محسن خان نے لیجنڈ سکواش چمپئن قمر زمان کے حوالے کی، اس موقع پر سیکرٹری محکمہ سیاحت، ثقافت،کھیل و آثارقدیمہ کامران رحمان اور ڈائریکٹر جنرل سپورٹس اسفندیار خٹک سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں، مشعل کے استقبال میں کثیر تعداد میں کھلاڑیوں اور سکول طلباء نے مختلف مقاما ت پر قومی جھنڈیاں ہاتھوں میں اٹھائے اور پاکستان زندہ باد کے نعروں سے استقبال کیا، نوشہرہ کے مقام پر شوبرا چوک میں ضلعی انتظامیہ نوشہرہ اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفیسرکی نگرانی میں مشعل کا پرتپاک استقبال کیا گیاجسکے بعد مشعل پشاور پہنچی جہاں قلعہ بالا حصار پر کھلاڑیوں نے مشعل وصول کی اور صدر سے ہوتی ہوئی قیوم سٹیڈیم میں منعقدہ پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیاجہاں آتش بازی بھی کی گئی۔ خیبرپختونخوا اولمپکس ایسوسی ایشن کے صدر نے مشعل وزیراعلیٰ کے مشیر کامران خان بنگش،ارکان صوبائی اسمبلی ارباب جانداد اور واجدعلی کے حوالے کی،اس موقع پرصوبائی مشیر کامران بنگش نے کہا کہ خیبرپختونخوا کو 9 سال بعد نیشنل گیمز کی میزبانی کا موقع ملاہے ،اس مرتبہ گیمزکوزبردست انداز میں منعقد کیے جائیں گے ،ان کا کہنا تھا کہ یہ صوبے کی خوش قسمتی ہے کہ صوبے کی سپورٹس کی منسٹری وزیر عاطف خان کے پاس ہے ، نیشنل گیمز سے صوبہ میں امن کے حوالے سے مثبت تاثر جائے گا۔

مشعل پہنچ گئی

متعلقہ خبریں