Daily Mashriq

آصف زرداری کے پاس جیل میں اے سی تو درکنار ایئر کولر بھی نہیں

آصف زرداری کے پاس جیل میں اے سی تو درکنار ایئر کولر بھی نہیں

راولپنڈی: وزیراعلیٰ پنجاب کے شکایتی سیل کی وائس چیئرپرسن مہناز سعید نے بتایا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو اڈیالہ جیل میں صرف جیل مینوئل کے مطابق سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔

چنانچہ پیپلز پارٹی کے شرہیک چیئرمین کے سیل میں جیل کے قاعدے کے مطابق کوئی ایئر کنڈیشنر یا ایئر کولر نہیں بلکہ صرف ایک پنکھا ہے۔

مہناز سعید کا مزید کہنا تھا کہ جیل میں انہیں غیر قانونی سہولیات فراہم کیے جانے کی رپورٹس کی تردید کے لیے انہوں نے آصف زرداری کے سیل کا دورہ کیا تھا۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیل کے دورے کے دوران جیل سپرنٹنڈنٹ ثاقب نذیر چوہدری اور ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد اکرم بھی ان کے ہمراہ تھے۔

اس کے ساتھ مہناز سعید نے جیل کی بی کلاس، خواتین جیل اور بچوں کے جیلوں کا بھی دورہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا وی آئی پی کلچر کا خاتمہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایجنڈے کا مرکزی نقطہ ہے اور حکومت وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں عام آدمی کی فلاح و بہبود کے لئے کوششیں کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی بھی شخص کو اس کے سیاسی اثر رسوخ اور حیثیت کی وجہ سے کوئی غیر قانونی مدد یا سہولت فراہم نہی کی جائے گی۔

مہناز سعید نے یہ بھی کہا کہ قیدیوں کی اخلاقی تربیت کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں تا کہ وہ اپنی سزا پوری کرنے کے بعد معاشرے میں موثر کردار ادا کرسکیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ خواتین اور بچوں کی جیلوں کی سہولیات کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے تا کہ ان میں بہتری کی جاسکے۔

مہناز سعید کا مزید کہ تھا کہ پاکستان تحریک انصاف کا ایجنڈا ہے کہ جیلوں کو قیدیوں کی بہتری کے لیے اخلاقی اور نفسیاتی تربیت کے ادارے بنایا جائے۔

متعلقہ خبریں