Daily Mashriq

ڈیم فنڈ کی رقم سے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے خلاف مذمتی قرارداد جمع

ڈیم فنڈ کی رقم سے یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے خلاف مذمتی قرارداد جمع

 لاہور: دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم کے گئے فنڈ کی رقم یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی پر خرچ کرنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروادی گئی۔

مسلم لیگ (ن) کی رکن عظمیٰ بخاری کی جانب سے جمع کرائی گئی مذمتی قرارداد میں کہا گیا ہے کہ سابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ریٹائرڈ ثاقب نثار نے دیامر بھاشا ڈیم کے نام پر ”ڈیم فنڈ“ قائم کیا۔ ڈیم فنڈز میں افواج پاکستان سمیت تمام سرکاری ملازمین اور قوم نے چندہ جمع کرایا۔ ڈیم فنڈز میں 10ارب سے زائد کی رقم جمع ہوئی اور ڈیم فنڈز کی تمام رقم سپریم کورٹ آف پاکستان کے پاس اکاﺅنٹ میں جمع تھی اور یہ رقم صرف دیامر بھاشا ڈیم پر ہی خرچ ہو سکتی تھی۔

قرارداد میں کہا گیا کہ حکومت نے ڈیم فنڈز کے لئے جمع چندہ یوٹیلٹی بلز میں خرچ کردیا ہے حالانکہ ڈیم فنڈز کا کمرشل استعمال کسی صورت نہیں ہوسکتا تھا۔ ڈیم فنڈز پر اشتہارات کی مد میں 13 ارب روپے کے قریب رقم بھی سرکاری خزانے سے خرچ کی گئی اس لئے پنجاب اسمبلی کا یہ ایوان ڈیم فنڈز کی رقم یوٹیلٹی بلز کی ادائیگی کے لئے خرچ کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتا ہے۔ ایوان سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتا ہے کہ ڈیم فنڈز کی رقم کا غیر قانونی استعمال کرنے کا نوٹس لیا جائے۔

متعلقہ خبریں