Daily Mashriq

ڈی آئی خان میں خودکش حملے میں شہیدپی ٹی آئی کےامیدوار اکرام اللہ گنڈا پورکی نماز جنازہ ادا

ڈی آئی خان میں خودکش حملے میں شہیدپی ٹی آئی کےامیدوار اکرام اللہ گنڈا پورکی نماز جنازہ ادا

ویب ڈیسک: ڈی آئی خان میں خود کش حملے میں شہید ہونے والے  تحریک انصاف کے صوبائی نشست کے لیے امیدوار اور سابق صوبائی وزیر اکرام اللہ خان گنڈا پور کی نماز جنازہ اداکردی  گئی۔

شہید اکرام اللہ گنڈا پور  کی نماز جنازہ کلاچی کے ڈگری کالج کے گراونڈ میں ادا کی گئی،نماز جنازہ میں بڑی تعدادمیں علاقہ مکینوں،عوام اور سیاسی و سماجی اور سول افسران نے شرکت کی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف کےجلسے کے اختتام پر پی ٹی آئی امیدوار اکرام اللہ گنڈاپور واپس جا رہے تھے کہ خودکش حملہ آور نے دھماکہ کر دیا جس کےباعث اکرام اللہ گنڈاپور اور دیگر کارکنان زخمی ہو گئے جنہیں ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تحریک انصاف کے امیدوار کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور منتقل کیا گیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے۔

قبل ازیں دھماکے کی اطلاع ملتے ہی بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کی بڑی تعداد جائے حادثہ پر پہنچیں اور  جائے حادثہ کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیئے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے خودکش حملہ آور کے جسمانی اعضا تجزیئے کیلئے لیبارٹری بھجوائے جہاں ڈی این اے کی مدد سے خودکش حملہ آور کی شناخت معلوم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

متعلقہ خبریں