Daily Mashriq

وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے آج ملاقات ہوگی

وزیراعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے آج ملاقات ہوگی

واشنگٹن:  وزیراعظم عمران خان آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم عمران خان آج پاکستانی وقت کے مطابق رات 8 بج کر 45 منٹ پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد بھی ہوں گے۔

ملاقات میں دونوں رہنماؤں کے درمیان افغان امن عمل، باہمی تعاون کے فروغ ، تجارت، توانائی، دفاع اور جنوبی ایشیا میں انسداد دہشت گردی جیسے امور زیر غور آئیں گے۔

 ’آرمی چیف بھی وزیراعظم کے ہمراہ اجلاس میں شریک ہوں گے‘

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں کہا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ وزیراعظم عمران خان کے وفد کے رکن کی حیثیت سے وائٹ ہاؤس میں ہونے والے اجلاس میں شریک ہوں گے، آرمی چیف اجلاس کے بعد امریکی وزارت دفاع پینٹاگون کا دورہ کریں گے۔ جہاں آرمی چیف امریکا کے قائم مقام وزیر دفاع رچرڈ اسپینسر سے ملیں گے۔ اس کے علاوہ جنرل قمر جاوید باجوہ امریکی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل جوزف ڈنفورڈ اور چیف آف اسٹاف جنرل مارک اے ملے سے بھی ملاقات کریں گے۔

 واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان دو روز قبل امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی پہنچے تھے ۔ اپنے دورے کے پہلے دن انہوں نے کئی بین الاقوامی شخصیات اور پاکستانی نژاد تاجر برادری سے ملاقاتیں کیں، اس کے علاوہ انہوں نے گزشتہ روز واشنگٹن ڈی سی کے اسٹیڈیم کیپیٹل ایرینا ون میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب بھی کیا تھا۔

متعلقہ خبریں