Daily Mashriq


سیاحوں کوہرسطح پرسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،وزیراعلیٰ

سیاحوں کوہرسطح پرسہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے،وزیراعلیٰ

پشاور(مشرق نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پاکستان میں سیاحت کامرکز بننے جا رہا ہے ، صوبے کے سیاحت کے شعبے سے بھر پور استفادہ کرنے کیلئے تمام تر کوششیں جاری ہیں۔ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں سیاحت پر قائم ٹاسک فورس کے چوتھے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو راغب کرنے اور اُنہیں ہر سطح پر سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے مناسب اقدامات کریں ۔ سینئر صوبائی وزیر محمد عاطف خان ، وزیراطلاعات شوکت علی یوسفزئی ، وزیر بلدیات شہرام خان ترکئی ، وزیر مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب ، چیف سیکرٹری محمد سلیم خان، پرنسپل سیکرٹری برئے وزیراعلیٰ شہاب علی شاہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ضلعی انتظامیہ مقامی ٹی ایم ایز اور متعلقہ حکام کے تعاون سے گلیات ، ناران ، کالام اور چترال کی سیاحتی وادیوں میں کوڑا کرکٹ کی تلفی اور صفائی کا مناسب انتظام یقینی بنائے گی تاکہ ماحول کو صاف اور سرسبزو شاداب رکھا جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ ایبٹ آباد ، مانسہرہ ، سوات اور چترال کے سیاحتی مقامات پر آنے والے سیزن کے دوران بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں ڈاکٹرز اور ادویات کی دستیابی کے ساتھ ساتھ موبائل ہیلتھ سہولیات بھی یقینی بنائے ۔اجلاس میں توقع ظاہر کی گئی کہ سیاحتی مقامات پر ریسکیو 1122 کی دستیابی عید الفطر سے شروع کی جائے گی جس سے کسی بھی قسم کی ایمرجنسی کی صورت میں بروقت امداد ممکن ہو سکے ۔ خصوصی طور پر گلیات ، ناران ، کالام اور چترال کی سیاحتی وادیوں میں ریسکیو1122 کی سروس یقینی بنائی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے پاکستان نیشنل گیمز کے چیئرمین جنرل ریٹائر ڈ عارف حسین نے وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں پاکستان نیشنل گیمز کے انعقاد پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ خیبرپختونخوا میں نیشنل گیمزکا انعقاد اکتوبر 2019 کے اواخر میںکیا جائے گا، جس میں 22 سے 28 مختلف قسم کی گیمزہوں گی اور تقریباً8 سے10 ہزار کھلاڑی شرکت کریں گے ۔اس موقع پر پاکستان نیشنل گیمز میں افغانستان کو بھی شرکت کی دعوت دینے پر غور کیا گیا ۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ افغانستان کو نیشنل گیمز میں شرکت کی دعوت سے پاکستان کے عالمی سطح پرامن کے پیغام خصوصا پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ رویے کے بیانیہ کو فروغ ملے گا۔سنیئر صوبائی وزیر برائے کھیل محمد عاطف خان، سیکرٹری ٹرانسپورٹ ، ڈی جی ٹرانسپورٹ اور دیگر متعلقہ حکام بھی ملاقات کے دوران موجود تھے ۔

،وزیراعلیٰ

متعلقہ خبریں