Daily Mashriq

وزیرِاعظم نے وزرا پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا حکم نہیں دیا،وزیراطلاعات

وزیرِاعظم نے وزرا پر کرپشن کے الزامات کی تحقیقات کا حکم نہیں دیا،وزیراطلاعات

ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے وزیراعظم عمران خان کیجانب سے وزراء کے خلاف تحقیقات کا حکم دینے کی خبروں کی تردید کردی۔

 وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ وزرا کے خلاف تحقیقات کی خبرمیں حقیقت نہیں ہے، وزیراعظم نے کسی وزیر کے خلاف نا تو کوئی بات کی اور نہ ہی تحقیقات کاحکم دیا، انہوں نے زور دیا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ ایک اخبار میں شائع ہونے رپورٹ میں کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی حکومت میں شامل 3 وزراء پر کرپشن کے الزام کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور الزام ثابت ہونے پر ان وزراء کو برطرف کردیا جائے گا۔

مذکورہ خبر کے مطابق وزیراعظم نے جمعرات (18 اکتوبر) کو وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد اپنے وزراء کے کرپشن میں ملوث ہونے کا انکشاف کیا تھا۔ اس موقع پر کمرے میں صرف وزراء، وزرائے مملکت، معاونین خصوصی اور مشیر موجود تھے جبکہ تمام سرکاری افسران کو باہر نکال دیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کرپشن کے خلاف ان کی  22 سالہ جدوجہد ہے اور وہ اس معاملے پر سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

وزیراطلاعات فواد چودھری نے وزیرِ اعظم عمران خان کے بیان کی وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’وزیرِاعظم نے کہا تھا کہ وہ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

تاہم وزیرِاطلاعات نے کسی ادارے کا نام لیے بغیر کہا کہ حکومتی مؤقف جاننے کی کوشش کیے بغیر ایسی خبر شائع کرنا اخلاقیات کے منافی ہے۔

 سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر تحریک انصاف کی جانب سے بھی بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ وزیرِ اعظم کے کسی وزیر کی کرپشن کا انکشاف نہیں ہوا۔

اس میں مزید کہا گیا کہ ’وزیراعظم نے کسی تحقیقات کا حکم نہیں دیا ہے، ہم اس غیر ذمہ درانہ اور فیک خبر کی سختی سے مذمت کرتے ہیں‘۔

متعلقہ خبریں