Daily Mashriq

مولانا فضل الرحمان ملک کو بڑے حادثے کا شکار کرنا چاہتے ہیں، شوکت یوسف زئی

مولانا فضل الرحمان ملک کو بڑے حادثے کا شکار کرنا چاہتے ہیں، شوکت یوسف زئی

پشاور: وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ملک کو بڑے حادثے کا شکار کرنا چاہتے ہیں۔

اپنے وڈیو بیان میں شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے دھرنے سے سب سے زیادہ نقصان کشمیر کاز کو ہورہا ہے ان کو چاہیے کہ وہ اپنے فیصلے پر نظر ثانی کریں۔ جب سے مولانا فضل الرحمان نے مارچ کا ڈھنڈورا پیٹھا ہے کشمیر کا ایشو پیچھے چلا گیا ہے جو کشمیریوں کے ساتھ بہت بڑی زیادتی ہے یہ مودی کی خواہش تھی جو مولانا فضل الرحمان نے پوری کر دی۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ وزیر اعلی محمود خان نے امن و امان کے لئے وزراء پر مشتمل کمیٹی بنائی ہے جو اپوزیشن سے بھی رابطہ کرے گی۔ میں نے جے یو آئی کے مقامی رہنماؤں سینیٹر حاجی غلام علی اور صوبائی ترجمان حاجی جلیل جان سے رابطے کیے ہیں جب کہ وفاقی سطح پر بننے والی کمیٹی جے یو آئی سمیت اپوزیشن کے مرکزی رہنماؤں سے رابطے کرچکی ہے تاہم مولانا فضل الرحمان ملک کے معاملات کو ٹھیک کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے، وہ اس ملک میں افراتفری چاہتے ہیں وہ اپنی شکست کا انتقام لینا چاہتے ہیں۔

شوکت یوسف زئی نے کہا ہے کہ یہ فیصلہ عوام نے کرنا ہے کہ وہ ملک کی ترقی چاہتے ہیں یا افراتفری۔ خیبر پختونخوا اور پاکستان کئی سال سے دہشت گردی کا شکار ہیں جس کی وجہ سے تاجر برادری پریشان رہی ہے۔ اس قسم کا دھرنا نا اس وقت کسی طور پر بھی درست نہیں سمجھا جاسکتا۔

متعلقہ خبریں