Daily Mashriq

حکومت ڈینگی کے پھیلاو کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے:ڈاکٹرظفر مرزا

حکومت ڈینگی کے پھیلاو کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے:ڈاکٹرظفر مرزا

صحت کےوزیر مملکت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا ہے کہ حکومت ملک میں ڈینگی وائرس کے پھیلاو کی روک تھام پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

 انہوں نے آج (اتوار) اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ڈینگی وائرس کا پھیلاو روکنے کےلئےتمام ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں اور مرکز اور صوبوں کے درمیان رابطے میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

 ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا کہ ملک بھر میں ٹیسٹوں کے ذریعے ڈینگی کے دس ہزار سے زائد مریضوں کی تصدیق ہوئی ہے جن میں پنجاب سے دوہزار تین سو تریسٹھ، سندھ سے دوہزار دوسو اٹھاون، خیبرپختونخوا سے ایک ہزار آٹھ سو چودہ اور بلوچستان سے ایک ہزار 772 مریض شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ڈینگی وائرس کے پھیلاو کی تازہ ترین معلومات کے حوالےسے عوام کو آگاہ کرنے کےلئے قومی ادارہ صحت اسلام آباد میں ایک ہنگامی صحت مرکز قائم کیاگیا ہے۔

 وزیر مملکت نے کہا کہ ڈینگی کے مریضوں کو علاج کی سہولت فراہم کرنے کےلئے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں سولہ غیر فعال طبی یونٹس فعال کئے گئے ہیں۔

 انہو ں نے کہا کہ ڈینگی پر کنٹرول اور مریضوں کے علاج معالجے کے حوالے سےعوام کو ماہرین کی رائے سے آگاہ کرنے کےلئے دوہاٹ لائنز قائم کی گئی ہیں۔

ہاٹ لائن نمبر یہ ہیں9212601-051 اور9216890-051

وزیر مملکت نے سیاسی جماعتوں پر زور دیا کہ صحت کے مسئلے پر سیاست سے گریز کریں اور متاثرہ افراد کی مدد کریں۔

متعلقہ خبریں