Daily Mashriq

بھارتی حکومت کے ہندوؤں کی فسطائیت پر مبنی ایجنڈے کیخلاف ہر سطح پر لڑیں گے،گنڈا پور

بھارتی حکومت کے ہندوؤں کی فسطائیت پر مبنی ایجنڈے کیخلاف ہر سطح پر لڑیں گے،گنڈا پور

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیر' علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہم اس وقت تک بھارتی حکومت کے ہندوئوں کی فسطائیت پر مبنی ایجنڈے کے خلاف ہر سطح پر لڑیں گے جب تک وہ کشمیر پر اپنا غیر قانونی تسلط ختم نہیں کر دیتی۔

اتوار کے روز ہوسٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کی کامیاب سفارتکاری کی وجہ سے پچاس ملکوں نے کشمیر کے بارے میں پاکستان کے موقف کی حمایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ سے اپنے خطاب میں عالمی برادری کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور غیر انسانی اقدامات سے آگاہ کریں گے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو اٹھانے اور کشمیریوں کو استصواب رائے کے ذریعے ان کا پیدائشی حق خودارادیت دلانے کے لئے بھارت پر اپنا اثرو رسوخ استعمال کرے۔علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے سفیر ہیں اور وہ ان کی آزادی تک ان کا مقدمہ لڑیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت جوہری طاقت کے حامل ملک ہیں اور عالمی برادری کو یہ سمجھنا چاہیے کہ اگر جنگ ہوئی تو اس کے اثرات پوری دنیا تک پہنچیں گے۔وفاقی وزیر نے چلاس بس حادثے پر افسوس اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا۔انہوں نے گلگت بلتستان انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

متعلقہ خبریں