Daily Mashriq


فواد خان کا اپنی مداح کو سالگرہ پر شاندار سرپرائز

فواد خان کا اپنی مداح کو سالگرہ پر شاندار سرپرائز

پاکستانی اداکار فواد خان کے مداح صرف یہاں ہی نہیں دنیا بھر میں موجود ہیں اور ہر کوئی ہی فواد خان سے ملنے اور ان کے ساتھ تصاویر لینے کا خواہشمند ہے۔

لیکن کچھ مداح اتنے بھی خوش قسمت ہوتے ہیں جن کی سالگرہ پر فواد خان جیسے سپر اسٹار ان کے ساتھ وقت گزاریں۔

ایسی ہی ایک مداح آمنہ راحیل ہیں، جنہوں نے اپنی سالگرہ پر فواد خان سے ملاقات کی اور سوشل میڈیا پر اپنا تجربہ شیئر کیا۔

موٹیویشنل اسپیکر آمنہ راحیل نے اپنی سالگرہ کے موقع پر فواد خان سے ملاقات اور انہیں اب تک یقین نہیں آرہا کہ ان کا یہ خواب پورا ہوگیا۔

انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ ’اس سال ایک خیر خواہ جو مجھے سوشل میڈیا سے جانتی ہیں نے مجھ سے رابطہ کیا اور میری سالگرہ کا سب سے بہترین تحفہ دیا، انہوں نے مجھے ایک وائس میسج بھیجا جس میں فواد خان نے مجھے سالگرہ کی مبارک باد دی، لیکن میرا سرپرائز اس سے بڑا تھا، وہ یہ کہ فواد خان کراچی آرہے تھے اور وہ مجھ سے چائے پر ملنا چاہتے تھے‘۔

آمنہ راحیل نے مزید لکھا کہ ’انہوں نے مجھے اس ہوٹل میں دعوت دی جہاں انہوں نے رہائش اختیار کی ہوئی تھی، جب میں ہوٹل پہنچی تو مجھے یہ ڈر بھی لگ رہا تھا کہ کہیں جیسا میں فواد کو سمجھ رہی ہوں وہ ویسے نہ ہوئے اور انہوں نے مجھے مایوس کردیا، لیکن خوش قسمتی سے فواد خان ایک بہترین شخصیت کے مالک نکلے‘۔

آمنہ کے مطابق ’ویسے تو آپ کو ان اداکاروں سے نہیں ملنا چاہیے جن کی آپ مداح ہوں کیوں کہ اگر وہ حقیقت میں ویسے نہیں ہوئے جیسا آپ سوچ رہی ہوتی ہیں تو پھر ان کی شخصیت آپ کی نظر میں بالکل ختم ہوجائے گی، لیکن میں بےحد خوش ہوں کہ میں نے جیسا سوچا تھا فواد خان بالکل ویسے ہی ہیں، وہ بہت عاجزی و انکساری کے ساتھ پیش آئے‘۔

اس حوالے سے انہوں نے لکھا کہ ’مجھے ان دو گھنٹوں میں اندازہ ہوا کہ فواد خان ہمارے جیسے ہی ہیں اور انہیں اپنے کامیاب ہونے پر کوئی غرور نہیں‘۔

آمنہ کا یہ بھی کہنا تھا کہ فواد خان اس ملاقات کو نجی رکھنا چاہتے تھے تاکہ کیوں کہ سوشل میڈیا پر ہر کوئی اسے توجہ حاصل کرنے کی کوشش قرار دیتا، لیکن انہوں نے اس ملاقات کی تفصیلات شیئر کی کیوں کہ آپ ہر روز اتنے خوش قسمت نہیں ہوتے کہ فواد خان سے ملاقات کریں۔

متعلقہ خبریں