Daily Mashriq

پولیس کو دھمکیاں دینے پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کےخلاف مقدمہ

پولیس کو دھمکیاں دینے پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کےخلاف مقدمہ

لاہور: پولیس نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر اور 14 پارٹی کارکنان کے خلاف پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کر لیا۔

کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر لیگی کارکنان نے پارٹی رہنماؤں کی عدالت میں پیشی کے موقع پر پولیس اہلکاروں کو دھمکیاں دی تھیں۔

ایف آئی آر کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز کی عدالت پیشی کے موقع پر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر اور دیگر 14 لیگی کارکنان نے پولیس اہلکاروں کے کام میں مداخلت کی اور انہیں دھمکیاں دیں۔

مقدمے میں کہا گیا کہ محمد صفدر نے ایک پولیس اہلکار سے لاٹھی بھی چھینی اور ان پر اس سے حملہ کرنے کی کوشش کی۔

ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 186، 147، 149 اور 353 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) نے اسی معاملے پر پنجاب حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا۔

مسلم لیگ (ن) لاہور کے صدر پرویز ملک نے کہا کہ 'کشمیر فروخت کرنے والے' حکمران اپنی ناانصافیوں کے خلاف عوام کی آواز نہیں دبا سکتے۔

انہوں نے کہا کہ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی عدالت پیشی کے دوران پولیس نے لیگی کارکنان پر تشدد کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی 'فسطائی' حکومت لیگی کارکنان کو اپنے رہنماؤں سے اظہار یکجہتی کرنے سے نہیں روک سکتی۔

پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ملک میں اس وقت آمریت ہے کیونکہ اپوزیشن کی آواز دبائی جارہی ہے اور میڈیا سینسرشپ کی زد میں ہے۔

متعلقہ خبریں