Daily Mashriq

'میں نے اپنے شوہر کو دھوکا نہیں دیا'

'میں نے اپنے شوہر کو دھوکا نہیں دیا'

عالمی شہرت یافتہ امریکی موسیقار مائلی سائرس نے ہم جنس پرستی کے باعث شوہر سے علیحدگی کے الزامات کو مسترد کردیا۔

گلوکارہ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹس کی سیریز جاری کرتے ہوئے خود کو بے قصور قرار دیا۔

مائلی کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ 'میں یہ بات قبول کرتی ہوں کہ جو زندگی جینے کا انتخاب میں نے کیا ہے وہ ایسی ہے کہ مجھے اپنے مداحوں کے سامنے بالکل کھل کر زندگی گزارنی پڑے گی جس میں کچھ بھی خفیہ نہ ہو، لیکن میں یہ بالکل قبول نہیں کروں گی کہ مجھ پر ایک ایسے جرم کا الزام لگایا جارہا ہو جو میں نے کیا بھی نہیں، میرے پاس چھپانے کو کچھ نہیں ہے'۔

انہوں نے مزید لکھا کہ 'یہ بات کسی سے چھپی ہوئی نہیں کہ میں کم عمری ہی سے منشیات کی عادی تھی'۔

گلوکارہ کے مطابق 'میں نے اُن دنوں محبت کے تعلقات میں دھوکا بھی دیا، انٹرنیٹ پر جتنی برہنا تصاویر میری موجود ہیں، شاید ہی تاریخ میں کسی خاتون کی اتنی تصاویر موجود ہوں گی'۔

انہوں نے واضح کیا کہ 'لیکن جو حقیقت ہے وہ یہ کہ جب میں اور لیام ایک ساتھ تھے، یہ رشتہ میرے لیے اہم تھا، اس میں کچھ خفیہ نہیں تھا، میں پرفیکٹ نہیں ہوں لیکن اپنی زندگی میں ہوئے ان تجربات سے بہت کچھ سیکھا ہے'۔

 مائلی کے مطابق 'میں سب مان سکتی ہوں لیکن یہ نہیں مان سکتی کہ میری شادی میرے دھوکا دینے کے باعث ختم ہوئی، میں اور لیام 10 سال سے ایک ساتھ ہیں، میں یہ پہلے بھی کہہ چکی ہوں اور یہی حقیقت ہے، میں لیام سے محبت کرتی تھی اور ہمیشہ کرتی رہوں گی'۔

 انہوں نے مزید کہا کہ 'لیکن اس وقت مجھے اپنے لیے ایک بہتر فیصلہ کرنا ہے، میں بہت بری ہوں لیکن جھوٹی نہیں، اب مجھے اپنا ماضی پیچھے ہی چھوڑنا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں فخر سے یہ کہہ سکتی ہوں کہ میں کم عمری میں جس جگہ موجود تھی آج اس سے بالکل الگ مقام پر کھڑی ہوں'۔

خیال رہے کہ رواں ماہ مائلی سائرس اور لیام ہیمس ورتھ نے اپنی شادی شدہ زندگی کو ختم کرتے ہوئے علیحدگی کا اعلان کیا تھا۔

مائلی سائرس کے مینجر نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے اس خبر کی تصدیق کی تھی تو دوسری جانب لیام نے انسٹاگرام پر خود ایک پوسٹ کے ذریعے اعلان کیا تھا کہ وہ اب مائلی کے ساتھ نہیں۔

ان دونوں کی علیحدگی کی خبر سامنے آتے ہی سوشل میڈیا پر گلوکارہ کے ہم جنس پرست رجحانات کو اس شادی کے ختم ہونے کی وجہ قرار دیا گیا۔

ایسی رپورٹس سامنے آئیں تھی کہ ان دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجہ مائلی سائرس کا شادی شدہ ہونے کے باوجود کسی اور سے تعلقات قائم کرنا جبکہ لیام ہیمس ورتھ کا منشیات کا استعمال ہے۔

بعدازاں اداکار کے قریبی ذرائع نے میڈیا کو بتایا تھا کہ ان دونوں کے درمیان علیحدگی کی وجہ مائلی کا امریکی بلاگر کیتھلن کارٹر کے ساتھ افیئر ہے، جن کے ساتھ چند روز قبل مائلی کی ایک تصویر بھی خوب وائرل ہوئی۔

خیال رہے کہ 26 سالہ مائلی سائرس نے دسمبر 2018 میں ہولی وڈ اداکار لیام ہیمس ورتھ سے خفیہ شادی کی تھی تاہم صرف 8 ماہ بعد ہی ان دونوں نے علیحدگی کا اعلان کردیا تھا۔

متعلقہ خبریں