برف نے پگھلنا بھی ہے

برف نے پگھلنا بھی ہے

بارشیں ہوئیں تو مختلف ٹیلی ویژن چینلز نے اس کا جشن منایا ۔ گھنٹوں ٹی وی سکرینیں مری میں خوش فکروں کے ہجوم ' مالم جبہ اور کوئٹہ میں کہیں کہیں برف سے کھیلنے والے نوجوانوں کی فلمیں دکھاتے رہے۔ یہ ٹھیک ہے کہ سردیوں کی بارشیں تاخیر سے ہوئیں لیکن ان کے ساتھ شدید سردی کی لہر بھی آئی اور ملک کے بالائی حصوں میں دور دور تک برف باری بھی ہوئی ۔ مری کے خوش فکرے اور کوئٹہ اور مالم جبہ کے برف سے کھیلنے والوں اور لاہور اور کراچی اور پشاور میں ہوٹلوں کا رخ کرنے والوںکی تعداد بیس کروڑ عوام میںکتنی ہے جو ٹی وی چینلز اپنی توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں؟ بارشیں آئیں تو کراچی میںسڑکیں گندے پانی کا تالاب بن گئیں ۔ دیگر شہروں میں بھی نالے کوڑے سے اٹ گئے۔ نہ صرف یہ بلکہ گیس کی سپلائی کم ہو گئی ۔ سی این جی سٹیشن بند کیے جانے کے باوجود عام لوگوں کے چولہے ٹھنڈے ہو گئے۔ جلائی جانے والی لکڑی کے بھاؤ چڑھ گئے۔ ان کی طرف کسی نے توجہ نہ کی۔ یہ جو پہاڑوں پر برف پڑی ہے یہ عنقریب پگھلے گی بھی۔ یہ پانی میدانی علاقوں کا رخ کرے گا اور سردی کے بعد جو بہار کی توقع ہے وہ ممکن ہے اس پانی کے باعث اتنی خوش گوار نہ ہو جتنی بہار سے توقع کی جاتی ہے۔ خاص طور پر بلوچستان میں سیلابوں کا خدشہ ہے ۔ خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں جو برف پڑی ہے وہ بھی ندی نالوں میں طغیانی کا باعث بن سکتی ہے۔ انتظامات آفات کے ادارے ابھی تو خبردار کر رہے ہیں کہ برف باری کے باعث لوگ سفر سے پرہیز کریں لیکن انہیں اس طرف بھی توجہ کرنی چاہیے کہ یہ برف سیلاب بھی بن سکتی ہے۔ ابھی سے ملک بھر کے نکاس کے نالوں کو صاف کر لیا جائے تو ممکن ہے لوگوں کو سڑکوں اور گلیوں میں جمع ہونے والے کیچڑ سے نجات مل سکے۔ اس لیے اس حوالے سے بھی مختلف اضلاع کے منتظموں کو الرٹ جاری کرنے چاہئیں۔

اداریہ