Daily Mashriq


یومِ پاکستان پر ملک بھر میں تقریبات، اسلام آباد میں شاندار پریڈ، دفاعی سامان کی نمائش  

یومِ پاکستان پر ملک بھر میں تقریبات، اسلام آباد میں شاندار پریڈ، دفاعی سامان کی نمائش  

اسلام آباد: ملک بھر میں یومِ پاکستان ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے اور اس مناسبت سے اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں مسلح افواج کی شاندار  پریڈ کی گئی جب کہ دفاعی ساز و سامان کی نمائش بھی کی گئی۔

اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والی پریڈ میں پاکستان کی مسلح افواج کے ساتھ چین، سعودی عرب اور آذربائیجان کے دستے اور ہواز باز بھی شریک ہوئے۔

ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، وزیراعظم عمران خان اور صدرِ مملکت عارف علوی تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے جب کہ غیر ملکی مہمان بحرین کی نیشنل گارڈ کے سربراہ اور آذربائیجان کے وزیر دفاع بھی تقریب میں شریک تھے۔

اس کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس، تینوں سروسز چیف، حکومتی شخصیات، غیر ملکی سفراء اور زندگی کے مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والی شخصیات نے مرکزی تقریب میں شرکت کی۔

صدرِ مملکت سمیت مہمانانِ خصوصی کی آمد کے بعد گراؤنڈ میں قومی ترانا پڑھا گیا اور تلاوتِ کلام پاک کی گئی جس کے بعد صدرِ مملکت عارف علوی کو مسلح افواج کے دستوں سے سلامی پیش کی اور صدر نے مسلح افواج کی پریڈ کا معائنہ کیا۔

صدرِ مملکت کو سلامی پیش کیے جانے کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان کی سربراہی میں جنگی طیاروں نے صدرِ مملکت کو سلامی دیجب کہ ائیرچیف نے کاکٹ پٹ سے براہِ راست پیغام بھی دیا۔

ائیرچیف کی سربراہ میں طیاروں کا فلائی پاسٹ

ائیر چیف کی سربراہی میں پاک فضائیہ کے ایف 16 طیاروں نے فلائی پاسٹ کیا اور اس دوران طیاروں کی گھن گھرج نے وفاقی دارالحکومت کا ماحول گرما دیا۔

ائیر چیف مارشل نے ایف 16 طیارے میں پریڈ گراؤنڈ کے چکر لگائے اور فضا میں بلند ہوگئے، جے ایف 17، ایف 16، میراج اور ایف 7 پی طیاروں نے بھی فلائی پاسٹ کیا۔

صدرِ مملکت عارف علوی نے تقریب کے شرکاء سے خطاب کیا اور شاندار پریڈ کے انعقاد پر مسلح افواج اور منتظمین کو مبارکباد دی۔

پاک فوج، رینجرز، بحریہ کے دستوں نے معزز مہمانوں کو سلامی دی اور الخالد ٹینکوں کے دستے نے بھی مخصوص انداز میں سلامی پیش کی۔

تقریب میں دفاعی سازو سامان کی نمائش کی گئی جس میں دشمن کو دندان شکن جواب دینے کی صلاحیت رکھنے والے الخالد سمیت دیگر ٹینکوں اور میزائلوں کی بھی نمائش کی گئی۔

تقریب میں موجود مہمان وزیراعظم مہاتیر محمد کو پاکستان کا قومی پرچم پیش کیا گیا، انہوں نے سبز ہلالی پرچم کو بصدِ احترام بوسہ دیا۔

تقریب کے آخر میں گلوکار ساحر علی بگا نے آئی ایس پی آر کی جانب سے یومِ پاکستان کے لیے بنایا گیا خصوصی نغمہ گاکر شرکا کا لہو گرمایا۔

 دارالحکومتوں میں توپوں کی سلامی

یومِ پاکستان پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں صبح کے آغاز پر31 توپوں کی سلامی دی گئی جب کہ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔

اہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی

اس کے علاوہ ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں یومِ پاکستان کی مناسبت سے تقریبات جاری ہیں۔

لاہور میں مزارِ اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب ہوئی جس میں پاک فضائیہ کےچاق و چوبند دستے نےگارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں یومِ پاکستان کی تقریب ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخواہ شاہ فرمان مہمانِ خصوصی تھے، تقریب میں مختلف شعبوں میں بہترین کارکردگی دکھانے والی شخصیات کو ایوارڈز دیے گئے۔

لوئر دیر میں یومِ پاکستان پر ڈی سی سیکریٹریٹ بلامبٹ پر پرچم کشائی کی گئی۔

گوادر میں یومِ پاکستان کی مناسب سے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی جس میں پاک فوج، نیوی اور سول افسران نے شرکت کی جب کہ سینیٹر کہدہ بابر نے قوم پرچم کشائی کی۔

جب کہ ایف سی ہیڈ کوارٹر کوہلو میں بھی تقرب ہوئی جہاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کاپیغام پڑھ کرسنایاگیا۔

متعلقہ خبریں