Daily Mashriq


بھارت: عام انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت کی واضح برتری

بھارت: عام انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت کی واضح برتری

بھارت میں لوک سبھا ( ایوانِ زیریں) کے 17ویں انتخابات میں نریندر مودی کی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) واضح کے ساتھ لگاتار دوسری مرتبہ کامیابی کی جانب گامزن ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق بھارتی الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کیے گئے اب تک کے سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کو 294 نشستوں کے ساتھ برتری حاصل ہے جبکہ اپوزیشن جماعت کانگریس 50 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کیا کہ ' بھارتیہ جنتا پارٹی کو عظیم کامیابی سے ہمکنار کروانے پر نریندر مودی کی مشکور ہوں'۔

دوسری جانب باہر ٹی وی چینلز کی جانب سے انتخابات میںبی جے پی کی واضح برتری کے اعلان کے بعد حامیوں کی جانب سے دہلی ہیڈکوارٹرز سمیت بھارت کے مختلف شہروں میں جشن منایا جارہا ہے۔

 بھارتیہ جنتا پارٹی کے ترجمان کے مطابق ' یہ مثبت سیاست اور نریندر مودی کی پالیسیوں کے لیے بڑا مینڈیٹ ہے'۔

انہوں نے کہا کہ ' یہ بھارت کے لیے بڑی کامیابی ہے، ہم اس کامیابی سے بہت خوش ہیں'۔

دوسری جانب کانگریس ترجمان سلمان سوز نے کہا کہ ' یہ سب یقینا ہمارے حق میں نہیں ہے، ہمیں حتمی نتائج کا انتظار کرنے کی ضرورت ہے لیکن یہ سب اچھا نہیں ہے'۔

خیال رہے کہ بھارتی نشتریاتی ادارے حالیہ انتخابات میں نریندر مودی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی فتح کا اعلان کرچکے ہیں۔

بھارت میں انتخابات کے ووٹوں کی گنتی کا آغاز آج ( جمعرات کی) صبح کو ہوا تھا اور شام میں ہی حتمی نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں پر ہونے والے انتخابات کے غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی ( بی جے پی) کی قیادت میں نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 339 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ پہلے اور کانگریس 91 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔

اب تک موصول ہونے والے نتائج کے مطابق بی جے پی نے چھتیس گڑھ میں لوک سبھا کی 11 میں سے 9 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی ہے جبکہ کانگریس صرف 2 نشستیں حاصل کرسکی۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس ہونے والے ریاستی انتخابات میں حکمراں جماعت کو کانگریس کے ہاتھوں بدترین شکست کا سامنا ہوا تھا۔

اترپردیش میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے لوک سبھا کی 80 میں سے 57 نشستوں پر کامیابی حاصل کی، بہوجن سماج پارٹی کا اتحاد 22 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر اور کانگریس نے صرف ایک نشست حاصل کی۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر وارانسی سے نریندر مودی 2 لاکھ کے قریب ووٹ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہیں جبکہ کانگریس کے اجے رائے دوسرے نمبر پر ہیں۔

گجرات میں بی جے پی نے لوک سبھا کی 26 میں سے 25 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ کانگریس صرف ایک نشست حاصل کرسکی۔

الیکشن کمیشن کے غیرحتمی نتائج کے مطابق پنجاب میں لوک سبھا کی 13 نشستوں میں سے کانگریس 8 نشستیں حاصل کرکے پہلے نمبر پر یے جبکہ شیرومانی اکالی دل اور بی جے پی نے 2،2 نشستییں حاصل کیں۔

بی جے پی کو گرداس پور اور ہوشیار پور کی نشستوں پر برتری حاصل ہے جبکہ عام آدمی پارٹی کو سنگرور کی نشست پر برتری حاصل ہے۔

خیال رہے کہ بھارت میں عام انتخابات کا انعقاد 7 مراحل میں 11 اپریل سے 19 مئی تک ہوا تھا اور آج 23 مئی کو نتائج کا اعلان کیا جائے گا۔

متعلقہ خبریں