Daily Mashriq

حمزہ فائونڈیشن ہسپتال میں1300غریب بچوں کا مفت علاج

حمزہ فائونڈیشن ہسپتال میں1300غریب بچوں کا مفت علاج

پشاور(نمائندہ خصوصی) حمزہ فائونڈیشن کے چیئرمین اعجاز علی خان نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں تھیلی سیمیا کے شکار بچوں کی بڑھتی ہوئی تعداد نے تشویشناک شکل اختیار کر لی ہے جبکہ خیبر پختونخوا میں تھیلی سیمیا کی وجہ سے چالیس ہزار خاندان ذہنی پریشانی سے دوچار ہیں۔ حمزہ فائونڈیشن ویلفیئر ہسپتال پشاور میں تھیلی سیمیا کے شکار ایک ہزار تین سو سے زائد پھول جیسے غریب بچوں کی جان بچانے کے لئے ان کا مفت علاج کیا جا رہا ہے جبکہ ہسپتال میں زیر علاج غریب بچوکےوالدین کو مفت کھانا بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے تھیلی سیمیا بیماری کی روک تھام کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس کے بعد بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حمزہ فائونڈیشن فری بلڈ سروسز کی طرف سے سرکاری و غیر سرکاری ہسپتالوں میں زیر علاج ہزاروں غریب مریضوں کی جانیں بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ کینسر کے پینسٹھ سے زائد غریب مریضوں کی جان بچانے کے لئے انہیں مفت خون فراہم کیا جا رہا ہے۔ اعجاز علی خان نے کہا کہ پھول جیسے غریب بچوں کی جان بچانا بہت بڑا کارخیر ہے۔ مخیر حضرات کو اس کار خیر میں شریک ہونے کے لئے حمزہ فائونڈیشن کی بڑھ چڑھ کر مالی مدد کرنی چاہئے جبکہ طلبا و نوجوانوں کو بڑھ چڑھ کر خون کے عطیات دینے چاہئیں۔

متعلقہ خبریں