Daily Mashriq

اپوزیشن 5سال صبرکرے،فضل الرحمان حواس باختہ ہوچکے۔محمودخان

اپوزیشن 5سال صبرکرے،فضل الرحمان حواس باختہ ہوچکے۔محمودخان

سوات(بیورورپورٹ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہاہے کہ لٹیروں کی بے تحاشا کرپشن سے ملکی معیشت کو کینسر لگ چکا ہے۔ کینسرزدہ معیشت کا علاج دو تین دن میں ہونا ممکن نہیں۔ مولانا فضل الرحمان حواس با ختہ ہوچکے ہیں۔ مولانااور اپوزیشن کو پانچ سال تک صبر کرنا پڑے گا۔اپوزیشن کی پانچ چھ پارٹیاں مل کر جلسہ کریں، ان سے بڑا جلسہ پی ٹی آئی اکیلے کرکے دکھائے گی۔ سوات ایکسپریس وے کوسی پیک میں شامل کر لیا گیا ہے، جس کا افتتاح جلد وزیر اعظم عمران خان کریں گے۔ سوات میں جنوری میں ایگریکلچر یونیورسٹی میں کلاسز کا آغاز کریں گے۔ کبل میں انجینئر نگ یونیورسٹی بنائیں گے۔ و ومن یونیورسٹی سوات کی خواتین کے لیے تحفہ ہے۔ مینگورہ شہر کے لیے صاف پانی کی فراہمی کے لیے ساڑھے آٹھ ارب روپے کا منصوبہ لا رہے ہیں۔ ملم جبہ اور کالام روڈ پر 90 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مٹہ میں برن سنٹر اور نادراوومن سنٹر کے افتتاح کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ سوات میں سڑکوں کی تعمیر اور کشادگی سے سیاحت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ سوات کے مختلف علاقوں میں چھے کالجز بنائیں گے، جبکہ آئندہ بجٹ میں صوبے کے ہر ضلع کے لیے میگا پراجیکٹ کی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ صوبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ وہ وقت دور نہیں جب صوبے کے عوام معاشی خوشحالی سے مستفید ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ان لوگوں میں سے نہیں کہ مذہب کو کرسی کے لیے استعمال کریں۔ ہماری سیاست کا مقصد عوام کی بے لوث خدمت ہے ۔

متعلقہ خبریں