Daily Mashriq

 امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،کسی بھی بھارتی کارروائی کا بھر پور جواب دیں گے،ترجمان پاک فوج

امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے،کسی بھی بھارتی کارروائی کا بھر پور جواب دیں گے،ترجمان پاک فوج

 پاک فوج کا بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیوں پر کرارا جواب دیتے ہوئے کہنا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، امن چاہتے ہیں لیکن امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، جنگ اس وقت ہوتی ہے جب کوئی جنگ کے لیے تیار نہ ہو، ہم جنگ کے لیے تیار ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان میجرجنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان کو دہشت گردی کا شکار بنایا گیا لیکن ہم نے کامیابی کے ساتھ مقابلہ کیا اور بہت سی قربانیوں کے بعد امن قائم کیا، ہمیں پتا ہے کہ امن پسندی کی کیا قیمت ہے اس لیے امن کو خراب نہیں ہونے دیں گے، بھارت ہمیشہ مذاکرات کی ٹیبل سے فرار ہوا لیکن حکومت پاکستان آج بھی دعوت دیتی ہے کہ آئیں اور ٹیبل پر بیٹھ کر بات کریں.

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کو کرپشن چارجز کا سامنا ہے اور بھارت میں آزادی کی تحریکیں چل رہی ہیں، جب کہ بھارتی فوج اپنی ملکی سیاست میں گھری ہوئی ہے اورعالمی دنیا کی توجہ ہٹانے کے لئے جنگ کی باتیں کر رہی ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ جنگ اس وقت ہوتی ہے جب کوئی جنگ کے لئے تیار نہ ہو، پاک فوج ایک تجربہ کار اور بہادر فوج ہے اور ہم  جنگ کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں، ہم امن کے راستے پر چلیں گے تاہم کسی کی امن کی خواہش کو کمزوری نہیں سمجھنا چاہیے، کسی نے ہمارے صبر کا امتحان لیا یا کسی بھی قسم کی کارروائی ہوئی تو بھرپور جواب دیا جائے گا، بھارتی آرمی چیف امن و امان کی صورتحال خراب نہ کریں، ہم نے کسی بھی فوجی کی لاش کی بے حرمتی نہیں کی

متعلقہ خبریں