Daily Mashriq


افغانستان:مختلف شہروں میں طالبان کے حملے،20سے زائد فوجی ہلاک

افغانستان:مختلف شہروں میں طالبان کے حملے،20سے زائد فوجی ہلاک

ویب ڈیسک:افغانستان کے مختلف علاقوں میں بم دھماکوں اور حملوں کے نتیجے میں 20سے زائد فوجی ہلاک درجنوں زخمی ہوگئے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق طالبان کی جانب سے سب سے بڑا حملہ افغانستان کے مغربی صوبے فراہ میں ایک فوجی مرکز میں کیا گیا جہاں کم ازکم 18 فوجی ہلاک ہوگئے۔

افغانستان کی وزارت دفاع کے ترجمان دولت وزیر کا کہنا تھا کہ 'دہشت گردوں کے ایک بڑے گروہ نے گزشتہ روز فراہ کے ضلع بالا بلوک میں قائم فوجی مرکز پر حملہ کیا جہاں 18 فوجی ہلاک ہوگئے اور دو فوجی زخمی بھی ہوگئے۔

افغانستان کی وزراتِ دفاع کے ترجمان کے مطابق طالبان نے دوسرا حملہ دارالحکومت کابل کے علاقے شش درک میں کیا جہاں نیٹو کا ہیڈ کوارٹر، امریکی سفارت خانہ،  ملکی خفیہ ادارے کا دفتر اور دیگر ممالک و بین الاقوامی اداروں کے دفاتر بھی قریب ہی تھے، حملہ خود کش تھا اور بمبار نے سخت حفاظتی حصار میں گھرے علاقے میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 سیکورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے۔ 

تیسرا حملہ صوبہ  ہلمند کے لشکر گاہ شہر کے ضلع نادِعلی میں واقع ایک فوجی اڈے کے قریب کیا گیا، سیکیورٹی فورسز کے مطابق حملہ آور کو گولی مار دی گئی تھی تاہم حملہ آور نے دھماکا خیز مواد سے بھری گاڑی فوجی اڈے کے مرکزی گیٹ پر اڑادی جس کے نتیجے  میں دو فوجی ہلاک ہوگئے۔

 

متعلقہ خبریں