Daily Mashriq

پی ایس ایل: یونائیٹڈ نے کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

پی ایس ایل: یونائیٹڈ نے کنگز کو سات وکٹوں سے شکست دے دی

شارجہ میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ کے 13 ویں میچ میں دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو باآسانی سات وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔

پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے کنگز نے یونائئٹڈ کو جیتنے کے لیے 143 رنز کا ہدف دیا تھا جو کہ اسلام آباد نے اپنے ٹاپ آرڈر بلے بازوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت تین وکٹوں کے نقصان پر 17 ویں اوور میں حاصل کر لیا۔

ہدف کے تعاقب میں یونائیٹڈ کے اوپنر لیوک رونکی کی جانب سے شاندار بلے بازی دیکھنے میں آئی۔ رونکی نے 35 گیندوں پر آٹھ چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 67 رنز بنائے اور وہ ناٹ آؤٹ رہے۔ مین آف دی میچ ایوارڈ بھی رونکی کے نام رہا۔

سمتھ پٹیل نے بھی ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 45 رنز بنائے وہ بھی ناٹ آؤٹ رہے۔

ہدف کے تعاقب میں پہلے ہی اوور میں اوپنر کیمرون ڈیلپورٹ بغیر کوئی رن بنائے کولن منرو کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔

تاہم اس کے بعد لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے دوسرے وکٹ کی شراکت میں 80 رنز بنائے۔

85 کے مجموعی سکور پر صاحبزادہ فرحان 30 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز حسین طلعت تھے جو بغیر کوئی رن بنائے عماد وسیم کی گیند پر سٹمپ آؤٹ ہوئے۔

کراچی کنگز کی جانب سے کپتان عماد وسیم نے 27 رنز کے عوض دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یہ میچ جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر آ گئی ہے۔

اس سے قبل یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی اور مقررہ 20 اوورز میں کراچی کنگز نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے تھے۔

کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز کافی سست تھا۔ پہلے 15 اوورز میں کنگز نے تقریباً پانچ رنز فی اوور کی اوسط سے 80 رنز بنائے۔

تاہم آخری پانچ اوورز میں بن ڈنک اور عامر یامین کے درمیان ہونے والی ساتویں وکٹ کی شراکت میں مجموعی سکور میں 63 رنز کا اضافے ہوا۔

یونائیٹڈ کو پہلی کامیابی پہلے ہی اوور میں مل گئی جب اوپنر کولن منرو بغیر کوئی رن بنائے رومان رئیس کی گیند پر آؤٹ ہو گئے جبکہ 19 کے مجموعی سکور پر اویس ضیا صرف تین رنز بنا کر محمد موسیٰ کا شکار بنے۔

تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز کولن انگرم تھے پانچ رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر رومان رئیس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ بابر اعظم 21 گیندوں پر 27 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

پانچویں آؤٹ ہونے والے بلے باز لیونگسٹون تھے جو 22 رنز بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر بولڈ ہوئے جبکہ عماد وسیم بغیر کوئی رن بنائے فہیم اشرف کا شکار ہوئے۔

اسلام آباد کی جانب سے فہیم اشرف نے 26 رنز کے عوض تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد موسیٰ اور رومان رئیس نے ایک، ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔

پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں اب تک ہونے والے میچوں کے بعد کراچی کنگز پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے ہے۔ کراچی کنگز نے چار میچ کھیلے ہیں جن میں سے تین میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر اس کے دو پوائنٹس ہیں۔

دوسری جانب دفاعی چیمپیئن اسلام آباد یونائیٹڈ پوائنٹس ٹیبل پر چھ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے۔ یہ پانچ میچ کھیل کر تین میں کامیاب جبکہ دو میں ناکام رہی ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم لیوک رونکی، صاحبزادہ فرحان، کیمرون ڈیلپورٹ، حسین طلعت، آصف علی، سمتھ پٹیل، شاداب خان (کپتان)، فہیم اشرف، وین پارنل، رومان رئیس اور محمد موسیٰ پر مشتمل ہے۔

کراچی کنگز کی ٹیم کولن منرو، بابر اعظم، اویس ضیا، کولن انگرم، لییم لیونگسٹون، بین ڈنک، عماد وسیم (کپتان)، عامر یامین، محمد عامر، عمر خان اور عثمان شنواری پر مشتمل ہے۔

متعلقہ خبریں