Daily Mashriq


کوک سٹوڈیو کو

کوک سٹوڈیو کو "کوکو کورینا" کا ری مکس مہنگا پڑ گیا

ویب ڈیسک: ماضی کے معروف چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمائے گئے گانے "کوکو کورینا"کا ری مکس سوشل میڈیا پر تنقید کی زدمیں۔

کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی تھی۔

’کوکو کورینا‘ لیجنڈری چاکلیٹی ہیرو وحید مراد پر فلمایا گیا احمد رشدی کا گانا ہے جو آج تک مقبول ہے، تاہم کوک اسٹوڈیو میں پیش کیا گیا اس گانے کا ریمیک ورژن مداحوں کو متاثر کرنے میں ناکام ہوگیا۔

وفاقی وزیرشیریں مزاری نے کوک سٹوڈیو کا 'کوکو کورینا' سننے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر کے ذریعے اپنے جذبات کا 'بھرپور انداز' میں اظہار کیا۔

پی ٹی آئی رہنما نے لکھا، 'خوفناک! ایک عظیم کلاسک کو تباہ کر دیا گیا- کوک سٹوڈیو نے اس کلاسک گانے کے اس طرح سے قتل عام کی اجازت آخر کیوں دی؟

مرحوم وحید مراد کے صاحبزادے عادل مراد نے لکھا، ’میں وحید مراد کے پرستاروں سے معذرت خواہ ہوں کہ کوک اسٹوڈیو کو ’کو کو کورینا‘ کو ریمیک یا تباہ کرنے کی اجازت دی گئی جب کہ مجھے کوک سٹوڈیو برانڈ پر اعتبار تھا لیکن اب اسے مکمل طور پر احمق چلا رہے ہیں۔

پاپ کوئن نازیہ حسن کے بھائی زوہیب حسن نے بھی تنقیدی ٹوئیٹ کی اور لکھا، ’کوک اسٹوڈیو کی پروڈکشن ٹیم کو فوری طور پر تبدیل ہونے کی ضرورت ہے۔

پیپلز پارٹی کی سینیٹر شیری رحمان نے بھی وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیریں مزاری کی طرح ’کوکو کورینا‘ کے ریمکس پر بذریعہ ٹوئٹر پوسٹ ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

شیری رحمان لکھتی ہیں، میوزک کی پسند اور ناپسند بیان کرنے میں کوئی برائی نہیں ہے اور اس کو کوئی پیچیدہ بحث بنانے کی بھی ضرورت نہیں۔

واضح رہے کہ کوک اسٹوڈیو سیزن 11 میں احد رضا میر کا ڈیبیو گانا ’کوکو کورینا‘ 19 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا، جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کے ساتھ گلوکاری کی تھی۔

متعلقہ خبریں