Daily Mashriq


مشرقیات

مشرقیات

منصور ، عباسی خلافت کاا ہم ستون مانا جاتا ہے ، اس کی دانشمندی نے عباسی حکومت کو ایک شاندار دور عطاکیا ہے ، اس کی سیاسی پالیسی اسلامی جذبہ سے معمور تھی ۔

ایک مرتبہ کسی موقع پر مہدی سے کہنے لگا : خدا کی نعمتیں شکر سے قائم رہتی ہیں ، اپنا وصیت نامہ اس نے مرتب کرتے ہوئے لکھا: بیٹا! امت محمدیہ کی حفاظت کرنا ، اس کے بدلے میں خدا تعالیٰ تمہاری حفاظت فرمائیں گے ، خونریزی سے بچنا ،کیوں کہ خداکے نزدیک یہ بہت بڑا گناہ ہے ، حلال چیزیں استعمال کرنا ، اس میں ثواب ہے اور دنیا میں بھی بھلائی ہے ، خدا نے جو احکام بتلائے ہیں ، اس سے سر موتجاوز نہ کرنا ، عدل کے ساتھ حکومت کرنا ، اپنی حد سے آگے نہ بڑھنا۔

منصور جہاں ایک الوالعزم خلیفہ تھا ، وہیں کفایت شعاری میں بھی اپنی مثال آپ تھا ، ایک مرتبہ محل کے پھاٹک میں داخل ہوا تو کئی قندیلیں روشن تھیں ، پوچھا کہ ان میں سے ایک قندیل کافی نہ تھی ، اب آئندہ سے یہاں ایک ہی قندیل روشن ہوگی ۔

(کتابوں کی درسگاہ میں )

مشہور عباسی خلیفہ مہدی کو سرکار کائناتؐ سے بے انتہا عقیدت تھی ، ایک مرتبہ ایک شخص رول میں ایک جوتا لپیٹ کر لایا اور کہا کہ یہ حضورؐ کے نعل مبارک ہیں اور آپ کی خدمت میں لایا ہوں ۔

مہدی نے اس کو لے کر بوسہ دیا اور آنکھوں سے لگایا اور لانے والے کوانعام واکرام سے مالا مال کردیا ، اس کے جانے کے بعد حاضرین سے مہدی نے کہا میں خوب جانتا ہوں کہ اس جوتے پر آںحضرتؐ کی نگاہ بھی نہیں پڑی ہے ، ان کا اس کو پہنناتو دور کی بات ہے ، لیکن چونکہ اس نے ذات نبویؐ کی طرف اس کا انتساب کردیا تھا ، اس لیے اسے میںنے لے لیا۔

(مخزن اخلاق)

محمد بن بکار کی روایت ہے کہ مکہ مکرمہ میں ایک عبادت گزارخاتون جوہمیشہ پریشان ومضطرب دکھائی پڑتی تھیں ۔

ایک مرتبہ ان سے کہا گیا کہ آپ اس قدر پریشان دکھائی دے رہی ہیں ، اگرآپ کو کوئی تکلیف ہو تو بتایئے تاکہ اس کا علاج کیا جائے ۔

محمد بن بکار فرماتے ہیں جب اس خاتون نے یہ سنا تو رونے لگیں اور فرمایا کہ میرے اس مرض کی دوا کون کرسکتا ہے ، غموں کی زیادتی سے میرادل چھلنی ہوچکا ہے ، کیایہ عجیب بات نہیں ہے کہ میں اب تک زندہ ہوں ۔

میرے دل میں آگ بھڑک رہی ہے کہ میں کسی طرح اپنے رب سے جاملوں اور یہ آگ لمحہ لمحہ بڑھتی جاتی ہے اور یہی میرا غم ہے ۔

میرے اس مرض کا علاج تو صرف میرے پروردگار کے پاس ہے اب اسی کے پاس جا کر اس مرض سے نجات حاصل ہوگی۔

متعلقہ خبریں