Daily Mashriq

مالم جبہ اراضی کیس:وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نیب میں پیش

مالم جبہ اراضی کیس:وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نیب میں پیش

ویب ڈیسک:مالم جبہ اراضی کیس میں طلب کیے جانے پر  وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نیب کے دفتر میں پیش ہوگئے۔

محکمہ جنگلات کی اراضی غیر قانونی طور پر لیز پر دینے کے الزام میں گزشتہ روز وزیراعلیٰ پرویز خٹک اور چیف سیکریٹری اعظم خان کو نیب نے طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔

وزیراعلیٰ پرویز خٹک پروٹوکول کے بغیر نیب کے دفتر پہنچے جہاں ان سے مالم جبہ اراضی کیس اور سرکاری ہیلی کاپٹر کے استعمال سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی جو تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی،  نیب کی جانب سے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو دونوں الزامات کا جواب دینے کے لیے سوال نامہ دیا گیا ہے جس کے جواب کے لیے ایک ہفتے سے 10 دن کا وقت دیا گیا ہے۔

نیب کے مطابق خیبرپخونخوا حکومت نے مالم جبہ میں 275 ایکٹر زمین قوائد کے برعکس  33 سال کیلئے کمپنی کو لیز پر دی۔

دوسری جانب نیب میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نےچیف ایگزیکٹیو سے پوچھ گچھ کو خوش آئند قراردیا ،ان کا کہنا تھا کہ نیب کی طرف سے دیے گئے سوالنامے کا تفصیلی جواب دوں گا۔

متعلقہ خبریں