Daily Mashriq

ریلوے کا ریٹائرڈ ڈرائیورز کو دوبارہ تعینات کرنے پر غور

ریلوے کا ریٹائرڈ ڈرائیورز کو دوبارہ تعینات کرنے پر غور

اسلام آباد: وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ چونکہ معاون ڈرائیور تربیت یافتہ نہیں اس لیے اس مسئلے کے حل کے لیے اس بات پر غور کیا جارہا ہے 30 فیصد نوکریاں ریٹائرڈ ڈرائیورز کو دی جائیں۔

سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی کو ریلوے کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ’ان تعیناتیوں کی منظوری لینے کے لیے جلد وزیراعظم کو سمری بھجوائی جائے گی انہوں نے کہا کہ 30 نئی ٹرینیں چلانے کی وجہ سے مسافروں کی تعداد 60 لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان ایک اور نئی ٹرین سر سید ایکسپریس کا افتتاح 3 جولائی کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ’دنیا میں کہیں بھی مسافر ٹرینیں منافع نہیں کماتی لیکن ہمیں 3 سے 40 ارب روپے کا نقصان کم کرنا ہے، ہمارا ہدف ہے کہ 24 اگست کو پیش کی جانے والی سالانہ کارکردگی رپورٹ میں نقصان کو 8 ارب روپے تک کم کیا جائے‘۔

وفاقی وزیر ریلوے نے بتایا کہ ایندھن کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے کرایہ بڑھایا گیا اور دعویٰ کیا کہ 3 ارب 80 کروڑ روپے ایندھن پر خرچ کیے جاتے ہیں۔

اس کے ساتھ فالتو پرزہ جات کی قیمتوں میں بھی ڈالر کی قدر بڑھنے کے باعث اضافہ ہوگیا ہے، ایندھن کی قیمتیں بڑھ گئی لیکن ہم نے 17 لاکھ لیٹر تیل محفوظ کررکھا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ریلوے کو سرکاری ترقیاتی پروگرام سے خاصہ حصہ نہیں ملا لیکن اس کی کارکردگی متاثر نہں ہوئی۔

شیخ رشید نے مزید کہنا کہ اگر گولف سٹی کیس کا فیصلہ ہمارے حق میں آیا تو ریلوے مالی طور پر خود مختار ہوجائے گی، ہم نے کمانڈ اینڈ کنٹرول کے خودکار سسٹم پر کام کرنا شروع کردیا ہے تاہم اب تک وائی فائی پر ایک روپیہ بھی خرچ نہیں ہوا۔

سینیٹ کمیٹی کو سکھر حادثے کے بارے میں بتاتے ہوئے وزارت ریلوے کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ کوئلہ ٹرین حیدرآباد جارہی تھی جس کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ ہونی چاہیے تھی لیکن اس وقت اس کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور سگنلی سرخ تھے جسے ڈرائیور نے نظر انداز کردیا۔

عہدیدار کا کمیٹی اجلاس میں کہنا تھا کہ 11 اپریل کو بہاؤالدین ذکریا ایکسپریس ڈرائیور کی غلطی کی وجہ سے پٹری سے اتری، 17 مئی کو مال گاڑی فش پلیٹ کے بولٹس ٹوٹنے کی وجہ سے ، 29 مئی کو جعفر ایکسپریس بایاں بفر گرنے کی وجہ سے، یک جون کو شاہ حسین ایکسپریس رولنگ اسٹاک کی وجہ سے، 10 جون کو میانوالی ایکسپریس ٹریک ڈھیلا ہونے کی وجہ سے، اور 6 جون کوقراقرم ایکسپریس ٹریک گاج پھیلنے کی وجہ سے پٹری سے اتر گئیں تھیں۔

متعلقہ خبریں