Daily Mashriq


اس مہم کو توسیع دی جائے

اس مہم کو توسیع دی جائے

محکمہ بلدیات کی جانب سے پشاور کی ویلج کونسل لڑمہ کو ماڈل ویلج کونسل بنانے کی 25روزہ مہم مکمل کر لی گئی مہم کے دوران علاقے میں نکاسی آب کے نظام کی بہتری،گلیوں و نالیوں کی صفائی، کچرا ٹھکانے لگانے سمیت مقامی افراد میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی تحسین نہ کرنے کی کوئی وجہ نہیں۔ مہم کے دوران ویلج کونسل کے تمام اراکین ،ٹائون ٹو اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ کی مدد سے کچرے کے بڑے بڑے ڈھیر ٹھکانے لگائے گئے اسی طرح مقامی آبادی میں شعور کی آگاہی کیلئے مدرسوں سکولوں اور مساجد میں بھی مہم چلائی گئی۔علاوہ ازیں لڑمہ میں گزشتہ 30سال سے قائم شہریوں کا ڈمپنگ گرائونڈ ختم کرکے اس کی جگہ پر بچوں کیلئے پارک قائم کر دیا گیا۔لڑمہ کو ماڈل ویلج کونسل بنانے کے بعد محکمہ بلدیات نے پشاور کی مزید 10ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں کی نشاندہی بھی کر لی جنہیں آئندہ ایک ماہ کے دوران ماڈل کونسل بنایا جائے گا جبکہ محکمہ بلدیات پشاور نے آئندہ دو ماہ کے دوران شہر میں ماڈل ویلج و نیبر ہڈ کونسلوں کی تعداد 50تک پہنچانے کا ہدف مقررکیا ہے۔محکمہ بلدیات کی اس کاوش کو دیر آید درست آید کے مصداق گردانا جاسکتا ہے۔ جن جن علاقوں میں اس قسم کی مہم چلائی جائے وہاں کے عوام اور خصوصاً نوجوانوں سے اس امر کی توقع کی جانی چاہئے کہ وہ بھی سرکاری عملے کا ساتھ دیں جبکہ اس عمل کی تکمیل کے بعد شہریوں کو آئندہ اپنے علاقے کی صحت و صفائی کو مکمل طور پر یقینی بنانے میں اپنی مدد آپ سے کام لینا چاہئے۔ محکمہ بلدیات کے حکام کی صرف نمونے کے طور پر درجن بھر یونین کونسلوں کے لئے اس طرح کی منصوبہ بندی کافی نہیں' سکولوں کی چھٹیوں اور معتدل موسم میں اس طرح کی مہم میں سکولوں کے طالب علموں کو شریک کرکے پورے شہر میں صفائی کی مہم چلانے کا یہ موزوں وقت ہے۔

متعلقہ خبریں