Daily Mashriq

پاکستان تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار

پاکستان تحریک انصاف کا چیف الیکشن کمشنر پر عدم اعتماد کا اظہار

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے اہم رہنماوں نے چیف الیکشن کمشنر (سی ای سی) جسٹس (ر) سردار محمد رضا پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کی غیرجانبداری سے متعلق سوالات اٹھادیے۔

خیال رہے کہ چیف الیکشن کمشنر کی جانب سے 6 دسمبر کو اپنی ریٹائرمنٹ سے قبل پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے خلاف فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنائے جانے کا امکان ہے۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہونے والے اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کی جانب سے ملک کی 3 بڑی سیاسی جماعتوں پی ٹی آئی، پاکستان مسلم لیگ(ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے خلاف فارن فنڈنگ کیسز کی مشترکہ سماعت کا مطالبہ دہرایا گیا کہ صرف ایک جماعت کو نشانہ نہ بنایا جائے۔

پی ٹی آئی کور کمیٹی کے اجلاس میں شریک ذرائع نے بتایا کہ جب وزیراعظم لاہور کو دورہ کریں گے اور مختلف اجلاس منعقد کریں گے جلد ہی صوبہ پنجاب میں کچھ انتظامی تبدیلیاں لائی جائیں گی۔

فارن فنڈنگ کیس سے متعلق ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے پریس کانفرنس میں کہا تھا کہ ' دال میں کچھ کالا ہے یا ساری دال ہی کالی ہے؟'۔

خیال رہے کہ الیکشن کمشن 5 سال سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ زیر سماعت ہے اور ای سی پی نے منگل (26 نومبر) سے روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا فیصلہ کیا ہے جس سے آئندہ 15 روز میں کیس کا فیصلہ سنائے جانے کا تاثر پیدا ہوا ہے۔

متعلقہ خبریں