Daily Mashriq

موسمِ سرماکاآغاز،خیبرپختونخوامیں کبابوں کاموسم بھی شروع

موسمِ سرماکاآغاز،خیبرپختونخوامیں کبابوں کاموسم بھی شروع

سوات (فیاض ظفر) خیبر پختون خوا میں موسمِ سرما کا آغاز ہوچکا ہے ۔ پشاور سمیت میدانی علاقوں میں سردی میں اضافہ اور صوبے کے بالائی علاقوں میں اس کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ موسمِ سرما میں لوگ جسم گرم رکھنے کے لئے گرم خوراک کھاتے ہیں۔ جب سردی کی شدت بڑھ جائے، تو سرد علاقوں میں باقی گرم خوراک کے ساتھ چپلی کباب کے استعمال میں اضافہ ہو جاتا ہے۔ موسم سرما کے علاوہ باقی موسموں میں پشاور، مردان، چارسدہ اور دیگر علاقوں میں لوگ چپلی کبا ب کھاتے ہیں، لیکن خیبر پختون خوا کے سرد علاقوں ہزارہ، ملاکنڈ، پارا چنار وغیرہ میں چپلی کباب کا استعمال زیادہ ہو جاتا ہے۔ سوات میں حالیہ بارش و برف باری کے ساتھ مینگورہ شہر اور دیگر علاقوں میں چپلی کباب کی دکانوں میں غیر معمولی رش نظر آرہا ہے۔ لوگ خود کو گرم رکھنے کے لئے چپلی کباب کھاتے ہیں۔ کباب کھانے کے لئے آنے والے نظام الدین نے مشرق کو بتایا کہ بارش ہورہی ہے اور ٹھنڈ میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کی وجہ سے میں دوستوں کے ساتھ کباب کھانے آیا ہوں۔ پارسل کے انتظار میں کھڑے شاہ فہد نے مشرق کو بتایا کہ وہ دکان دار ہے۔ جمعہ کو بازار بند رہتا ہے جس کی وجہ سے ہم سیر کے لئے جاتے ہیں۔ آج دوستوں نے فیصلہ کیا تھا کہ بارش اور ٹھنڈ کی وجہ سے کباب کھائیں گے۔ جب ہمارا پارسل تیار ہوجائے، تو ہم بحرین کی طرف سیر کے لئے جائیں گے۔ کباب کے ایک دکان دار جمیل بابر کا کہنا تھا کہ موسمِ سرما میں ان کی دکان پر کباب کھانے اور لے جانے والوں کا تانتا بندھا رہتا ہے، لیکن جب بارش اور ٹھنڈ ہو تو پھر غیر معمولی رش کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

متعلقہ خبریں