Daily Mashriq

وزیراعظم کا پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ

وزیراعظم کا پاکستان کو صاف اور سرسبز بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ

وزیراعظم عمران خان نے عوام کے تعاون سےپاکستان کو صا ف ستھرا اور سرسبز و شاداب بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

 وہ پیر کے روز اسلام آباد میں صاف ستھرا و سرسبز پاکستان انڈیکس کے اجرا کی تقریب سے خطاب کررہے تھے جس کا مقصد پاکستانی شہروں میں مختلف اشاریوں پر مقابلے کے ذریعے صاف اور سرسبز پاکستان کی مجموعی صورتحال میں بہتری لانا ہے۔

 عمران خان نے کہا کہ انتظامیہ ، منتخب نمائندوں اور نوجوانوں سمیت معاشرے کے ہر طبقے کو اس  ملک کے مستقبل کو محفوظ بنانے کی خاطر صاف اورسرسبز مہم کا حصہ بننا چاہیے۔

وزیراعظم نے کہاکہ حکومت ماحول کے تحفظ اور دریاوں کی صفائی کے لئے رقوم میں بتدریج اضافہ کرے گی۔

 انہوں نے کہا کہ گاوں کی سطح پر منتخب نمائندوں کو بھی ماحولیاتی اشاریوں پر علاقائی سطح پر مقابلوں کا حصہ ہونگے۔

 عمران خان نے کہا کہ  ملک کو خوبصورت بناتے ہوئے اسے سیاحت کےلئے ایک پرکشش مقام بنایا جائے گا۔

دریں اثناء  موسمیاتی تبدیلی کے بارے میں وزیراعظم کے مشیر ملک امین اسلم نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کو صاف ستھرا اور سرسبز و شاداب ملک بنانے کےلئے پرعزم ہے۔

 انہوں نےکہا کہ اس مہم کے پہلے مرحلے میں انیس شہروں میں صحت  و صفائی ستھرائی کا مقابلہ کروایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس مہم میں سکولوں اور جامعات کے طلبا کو شامل کیا جارہا ہے۔ انہوں نے عام شہریوں پر زور بھی دیا کہ وہ اس مہم کو کامیاب بنائیں۔

 امین اسلم نے کہا کہ نوجوانوں کو  اس مہم کا حصہ بننا چاہیے اور حکومت مہم میں بھرپور حصہ لینے والوں کو انعام سے نواز ے گی۔

 انہوں نےکہا کہ ملک میں فضائی آلودگی کم کرنے کے لئے بجلی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کرائی  جائیں گی۔

موسمیاتی تبدیلی کے مشیر نے کہاکہ حکومت پانی کا ضیاع روکنے کی منصوبہ بندی کررہی ہے کیونکہ ذخیرہ شدہ پانی کو بروئے کار لانے کی حکمت عملی نہ ہونے کے باعث ہزاروں گیلن پانی ضائع ہو رہا ہے۔

متعلقہ خبریں