Daily Mashriq


حکومت جو کام شروع کرتی ہے وہ مکمل بھی کرتی ہے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

حکومت جو کام شروع کرتی ہے وہ مکمل بھی کرتی ہے،وزیراعظم شاہد خاقان عباسی

ویب ڈیسک: اسکردو میں بلتستان یونی ورسٹی کی افتتاحی تقریب میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت جو کام شروع کرتی ہے وہ مکمل بھی کرتی ہے جب کہ ناقدین بھی کہتے ہیں  وفاقی حکومت کام کر رہی ہے۔

اسکردو میں بلتستان یونیورسٹی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے 2سال پہلے گلگت جگلوٹ شاہراہ کی تعمیر کا افتتاح کیا، شاہراہ کی تعمیر انتہائی مشکل منصوبہ تھا تاہم اب یہ شاہراہ دسمبر سے پہلے مکمل ہوجائے گی، حکومت کا فرض ہے کہ عوام تک بنیادی ضروریات پہنچائے، حکومت جو کام شروع کرتی ہے وہ مکمل بھی کرتی ہے تاہم پچھلی حکومتوں نے جو منصوبے شروع کیے اس کی فنڈنگ نہیں کی جب کہ داسو ڈیم اور دیامر بھاشا ڈیم کا اعلان سابقہ حکومت نے کیا لیکن کام نہیں کیا۔

شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ کیڈٹ کالج بھی مسلم لیگ (ن) نے بنایا اور یونیورسٹی بھی جب کہ مخالفین اور ناقدین بھی جانتے ہیں کہ وفاقی اور صوبائی حکومت کام کرتی ہے، جس وقت ہماری حکومت آئی تو گلگت میں پیپلزپارٹی کی حکومت کو ہٹانے کے لیے دباؤ تھا لیکن ہم نے انہیں کام کرنے دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ گلگت میں کام شروع ہوگیاہے، یہاں سیاحت میں اضافہ ہوا ہے اور آئندہ دنوں میں مزید اضافہ ہوگا جب کہ سی پیک سے روزگار اور ترقی ملے گی اور یہ صدیوں تک روزگار دے گا۔

متعلقہ خبریں