Daily Mashriq

پہلی پاکستانی نژاد سپر ہیرو مارول یونیورس کا حصہ

پہلی پاکستانی نژاد سپر ہیرو مارول یونیورس کا حصہ

مارول اسٹوڈیوز نے پہلی پاکستانی نژاد امریکی مسلم کمالہ خان کو بطور سپرہیرو مس مارول اپنے سنیما یونیورس کا حصہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔

مارول کے سربراہ کیون فیج نے ڈزنی کی ڈی 23 ایکسپو میں اس بات کا اعلان کیا۔

ہول یوڈ رپورٹرز کے مطابق مس مارول ٹی وی سیریز ڈزنی کے نومبر میں پیش کی جانے والی اسٹریمنگ سروس ڈزنی پلس کا حصہ ہوگی، یہ سروس مختلف ممالک میں 12 نومبر کو متعارف کرائی جارہی ہے۔

مارول سنیما یونیورس کے مختلف کرداروں پر بھی اس اسٹریمنگ سروسز پر الگ الگ سیریز دکھائی جائیں گی جو کہ مارول سنیما یونیورس کی کہانیوں کا متبادل ورژن ہوگا۔

کمالہ خان کا کردار مارول کامکس میں سب سے پہلے 2013 میں متعارف کرایا گیا تھا جو ایک پاکستانی نژاد امریکی سپرہیرو مس مارول کا روپ دھارتی ہے۔

اس سے پہلے کیرول ڈینورس کو کامکس میں مس مارول کے طور پر جانا جاتا تھا مگر جب اس کردار کو کیپٹن مارول کا نام دیا گیا تو کمالہ خان نے خود کو مس مارول کا خطاب دیا۔

یعنی اس کردار کو ’مارول کومکس‘ کے کردار ’کیپٹن مارول‘ سے متاثر ہوکر بنایا گیا تھا، یہ مارول کا پہلا مسلم خاتون کا کردار تھا، جس نے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی۔

اس کردار کی تخلیق کار پاکستانی نژاد امریکی لکھاری و کومکس ایڈیٹر ثنا امانت ہیں، جو گزشتہ کئی سال سے مارول کومکس میں بطور ایڈیٹر خدمات سر انجام دے رہی ہیں۔

ثنا امانت بھی امریکی ریاست نیو جرسی میں رہتی ہیں اور کردار کو دیکھ کر ایسا لگتا ہے کہ انہوں نے یہ کردار اپنی ذات سے متاثر ہوکر بنایا۔

کیون فیج کا ڈزنی اینوٹ میں کہا تھا 'آپ مس مارول سے ڈزنی پلس سیریز میں ملیں گے اور پھر اسے ہماری فلموں میں بھی دیکھ سکیں گے، یہ ہمارے لیے بہت زیادہ پرجوش کردینے والا ہے'۔

مس مارول پراجیکٹ کی ہدایات بیشا کے علی کے ذمے ہوگی، تاہم اس کی کاسٹ اور اسٹریمنگ کی تاریخ کا فی الحال کوئی اعلان نہیں کیا گیا۔

گزشتہ سال ایک انٹرویو میں کیون فیج نے کہا تھا مس مارول کو مارول سینما یونیورس کا حصہ بنانے پر کام ہورہا ہے۔

انہوں نے کہا 'ہم اس وقت کیپٹن مارول پر کام کررہے ہیں، مس مارول کامک بکس کا ایک اور کردار ہے، ایک مسلم ہیرو جو کیپٹن مارول سے متاثر ہے، اس پر بھی کام کیا جائے گا، ہم نے اسے بھی متعارف کرانے کی منصوبہ بندی کررکھی ہے، جس کی باری کیپٹن مارول کے بعد آئے گی'۔

یہ تو واضح نہیں کہ یہ کردار کس کے حصے میں آئے گا مگر ممکنہ طور پر وہ ایشیائی نژاد اداکارہ ہوگی۔

خیال رہے کہ مارول کومکس کے سنیما یونیورس میں اب تک ’اسپائیڈر مین، تھور، ہلک، آئرن مین، کیپٹن امریکا، بلیک پینتھر، بلیک ویڈو، ایکس مین، گارڈین آف دی گلیکسی، ڈاکٹر اسٹرینج اور تھونس سمیت کئی اہم سپر ہیروز اور ولن کے کردار متعارف کرائے جا چکے ہیں۔

متعلقہ خبریں