Daily Mashriq

ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر نریندر مودی سے ملاقات

ڈونلڈ ٹرمپ کی مسئلہ کشمیر پر نریندر مودی سے ملاقات

پیرس:بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے امریکی صدر سے ملاقات کے دوران روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کسی بھی مسئلے کے حل کے لیے تیسرے ثالث کی ضرورت نہیں۔

بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان جی-7 کے اجلاس کے موقع پر سائڈ لائن پر ملاقات جاری ہے ملاقات میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال اور تجارتی معاملات کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔

ملاقات کے دوران امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ گزشتہ شب پاکستان سے بھی مسئلہ کشمیر پر بات چیت ہوئی تھی دونوں ممالک کو مل کر مسئلہ کشمیر حل کرنا ہوگا۔ تاہم اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کی پیشکش کرچکے تھے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ثالثی کے کردار کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے تصفیے کے لیے پاکستان اور بھارت کے درمیان تیسرے ثالث کی ضرورت ہی نہیں ہے۔

واضح رہے کہ مودی سرکار نے 5 اگست کو کشمیر کو آئین میں حاصل خصوصی حیثیت کو ختم کرے جغرافیائی طور پر دو یونین ٹیریٹیریز میں تقسیم کردیا تھا اور کسی ممکنہ احتجاج سے بچنے کے لیے تاحال کرفیو نافذ کر رکھا ہے جس کی وجہ سے وادی میں خوراک اور ادویہ کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔

متعلقہ خبریں