Daily Mashriq


بولی وڈ کی

بولی وڈ کی "چاندنی"سری دیوی کی موت پہیلی بن گئی

بولی وڈ کی "چاندنی اور ہواہوائی"سری دیوی کی 24 فروری کو اچانک موت نے جہاں ان کے کروڑوں مداحوں کوغمزدہ کر دیا وہاں یہ سوال بھی اٹھ رہا ہے اچانک  موت کی اصل وجہ کیا واقعی حرکت قلب کا رک جانا ہے یا حقیقت کچھ اور ہے۔

سری دیوی دو روز قبل دبئی کے معروف ایمیریٹس ٹاور ہوٹل میں مبینہ طور پر حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے چل بسی تھیں، سری دیوی خاندان کی ایک شادی میں شرکت کیلئے اپنے اہلخانہ کے ساتھ  دبئی گئی تھیں۔

اگرچہ تاحال ان کی اچانک موت کی اصل وجہ کی تصدیق نہیں ہوسکی، تاہم ابتدائی طور پر یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ وہ حرکت قلب بند ہونے کے باعث چل بسیں۔

لیکن اب ان کے مرنے سے قبل آخری لمحات کی رپورٹس سامنے آنے کے بعد معاملہ کافی پیچیدہ ہوگیا ہے۔

سری دیوی کی زندگی کے آخری 15 منٹس کی تازہ رپورٹس سامنے آنے کے بعد  کہا جا رہا ہے کہ ابھی یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ ان کی موت حرکت قلب بند ہونے کی وجہ سے ہوئی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سری دیوی کی زندگی کی آخری 15 منٹ کی رپورٹس سے پتہ چلتا ہے کہ اداکارہ کی موت باتھ روم میں نہانے کے دوران ’باتھ ٹب‘ میں ہی ہوئی۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سری دیوی بونی کپور اور چھوٹی بیٹی خوشی کپور کے ہمراہ بونی کپور کے بھتیجے کی شادی میں میں شرکت کیلئے دبئی گئی تھیں، تاہم شادی ختم ہونے کے بعد ان کے شوہر اور بیٹی واپس ممبئی آگئے تھے، تاہم وہ 24 فروری کو دوبارہ دبئی واپس آئے۔

 رپورٹ سے پتہ چلتا ہے کہ دبئی واپس آنے کے بعد بونی کپور اہلیہ سری دیوی سے ملنے کے لیے ایمیریٹس ٹاور ہوٹل گئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ بونی کپور اپنی اہلیہ کو سرپرائز دینا چاہتے تھے، اور ہندوستان سے واپس آتے ہی دونوں نے رات کا کھانا باہر جاکر کھانے کا پروگرام بنایا۔

رپورٹ کے مطابق سری دیوی نے تیار ہونے کے لیے شوہر سے 15 منٹ مانگےاور نہانے کیلئے باتھ روم چلی گئیں ،باتھ روم سے باہر آنے میں زیادہ وقت لینے پر  بونی کپور نے دروازہ کھٹکھٹا کر انہیں باہر آنے کے لیے کہا، مگر اندر سے کوئی آواز نہ آئی، جس پر فلم پروڈیوسر نے کسی طرح باتھ روم کا دروازہ خود کھولا تو اہلیہ کو پانی سے بھرے باتھ ٹپ میں بے جان دیکھ کر حیران رہ گئے۔

رپورٹ کیمطابق اس صورتحال میں بونی کپور نے مدد کے لیے سب سے پہلے اپنے ایک دوست کو بلایا اور بعد میں پولیس کو بھی اطلاع دی گئی۔

ہندوستان ٹائمز نے اپنی خبر میں ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پولیس کو سری دیوی کی موت کی اطلاع رات 9 بجے دی گئی۔

خبر میں سری دیوی کے دیور و اداکار سنجے کپور کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ انہوں نے عرب اخبار خلیج ٹائمز کو بتایا کہ وہ حرکت قلب کے بند ہوجانے کے باعث سری دیوی کی موت کا سن کر حیران رہ گئے،انہوں نے دعویٰ کیا کہ سری دیوی کو کبھی بھی دل کے امراض کی شکایت نہیں رہی۔

دوسری جانب سری دیوی کی میت کو لانے کے لیے تیاریاں کی جا رہی ہیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ 26 فروری کی شام تک ان کی لاش کو ممبئی لایا جائے گا۔

اگرچہ دبئی پولیس نےلاش کا طبی معائنہ 25 فروری کومکمل کرلیا تھا، تاہم لیبارٹری کی رپورٹس موصول نہ ہونے تک میت ورثاء کے حوالے نہیں کی گئی۔

امکان ہے کہ آج کسی بھی وقت لیبارٹری رپورٹس موصول ہونے کے بعد سری دیوی کی لاش کو ورثاء کے حوالے کیا جائے گا، جس کے فورا بعد ان کی میت ممبئی لائی جائے گی۔

متعلقہ خبریں