Daily Mashriq

تجارتی سرگرمیوںکامرکزجہانگیر پورہ تجاوزات کی زدمیںآگیا

تجارتی سرگرمیوںکامرکزجہانگیر پورہ تجاوزات کی زدمیںآگیا

پشاور( سید شبیر شاہ) یونین کونسل جہانگیر پورہ کے مکین زندگی کی بنیادی سہولیات سے محروم ہیں پشاور کے تاریخی دروازوں کے سنگم پر واقع تاریخی اہمیت کی حامل یونین کونسل جہانگیر پورہ میں تجاوزات کی بھرمار،جرائم کی بڑھتی ہوئی شرح، صحت کی بنیادی سہولیات کے فقدان کے ساتھ ساتھ یہاں کی نئی نسل تعلیم کے زیور سے محروم ہے۔ مشرق فورم میں گفتگو کرتے ہوئے یونین کونسل جہانگیر پورہ کے مکینوں نے شکایات کے انبار لگادیے۔ علاقہ مکینوں کا کہنا تھا کہ جہانگیر پورہ تجارتی سرگرمیوں کا حب ہے جبکہ اس یونین کونسل میں چھوٹے بڑے 25بازار ہیں لیکن یہاں کا سب سے بڑا مسئلہ تجاوزات کا ہے، ان تجاوزات کی وجہ سے نہ صرف ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے بلکہ مکینوں کا چلنا بھی دشوار ہوگیا ہے پروگرام میں شریک علاقہ مکین عقیل کیانی کا کہنا تھا کہ ہمارے علاقے کی عورتیں اور بچیاں بے ہنگم ٹریفک کی وجہ سے گھروں سے باہر نہیں نکل سکتیں، ٹائون ممبر تجاوزات ختم کرنے والی کمیٹی کے سربراہ ہیں لیکن افسوس کی بات ہے کہ ان کے علاقے میں ہی سب سے زیادہ تجاوات ہیں۔ ٹریفک پولیس نے مختلف بازاروں کو جانے والے راستوں کو ون وے کیا ہوا ہے لیکن اس پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں ہوتا جبکہ اس علاقے میں کوئی ٹریفک اہلکار بھی ڈیوٹی پر تعینات نہیں ۔ مکینوں نے کوہاٹی چوک میںغیر قانونی طور پر قائم ہونے والے سوزوکی اڈوں کو بھی ختم کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ کوہاٹی چوک میں اتوار بازار کی آڑ میں چوری کا سامان بیچا جاتا ہے۔ نیبر ہوڈ کونسل شاہ قبول کے مکینوں کا کہنا تھا کہ نمک منڈی روڈ ہر وقت ٹریفک جام کا شکار ہوتا ہے لیکن گزشتہ ایک سال سے نمک منڈی چوک میں پارکنگ پلازہ بنانے کا دعوی کرنے والی ضلعی حکومت نے خاموشی اختیار کرلی ہے۔ یونین کونسل جہانگیر پورہ کے مکینوں کا کہنا تھا کہ علاقے میں گیس کی شدید لوڈ شیڈنگ جاری ہے جبکہ بچے اور نوجوان بغیر ناشتہ کئے سکول اور دفاتر جانے پر مجبور ہیں۔ مکینوں کا کہنا تھا کہ ایم این اے حاجی شوکت علی کا تعلق بھی اس یونین کونسل سے ہی ہے لیکن ابھی تک گیس کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا۔ پروگرام میں نیبر ہوڈ کونسل مروی ہا سے تعلق رکھنے والے سردار خضرعلی قزلباش کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی جنگ میں سب سے زیادہ دھماکے اور دہشت گردی کے واقعات یونین کونسل جہانگیر پورہ اور اندر شہر میں ہوئے جبکہ صرف ان کے محلے میں بیس سے زائد افراد کو ٹارگٹ کلنگ میں مار دیا گیا لیکن آج تک ان کے قاتلوں کاکوئی سراغ نہیں مل سکا۔ پروگرام میں لوگوں نے ڈبلیو ایس ایس پی کی جانب سے بھاری بھرکم بلوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا ۔تجاوزات کے سوال پر ٹائون ممبر سید طارق علی شاہ کا کہنا تھا کہ اب وہ تجاوزات ختم کرنے والی کمیٹی کی چئیرمین کے عہدے سے مستعفی ہوچکے ہیں اور اپنا استعفی نائب ناظم ٹائون ون کو بھجوا چکے ہیں کیونکہ تجاوزات ختم کرنے میں ٹائون اور ضلعی انتظامیہ ان سے کوئی تعاون نہیں کررہی تھی ۔ پروگرام میں شریک یونین کونسل جہانگیر پورہ کے ڈسٹرکٹ ممبر تقدیر علی کا کہنا تھا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات کررہے ہیں جبکہ نمک منڈی میں پارکننگ پلازے کا سنگ بنیاد اگلے ہفتے رکھا جائے گا جس سے ٹریفک جام کے مسئلے سے کافی حد تک چھٹکارہ حاصل ہوجائے گا ۔

متعلقہ خبریں