Daily Mashriq

چیئرمین سینٹ اورسپیکرکاصوابی یونیورسٹی کامختصردورہ

چیئرمین سینٹ اورسپیکرکاصوابی یونیورسٹی کامختصردورہ

پشاور(مشرق نیوز)چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یونیورسٹی آف صوابی کا مختصر دورہ کیا۔ جس میں انہوں نے یونیورسٹی کے اکیڈمک بلاک II کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر دونوں مہمانوں نے طلبہ، اساتذہ اور یونیورسٹی انتظامیہ کے ایک نشست میں شرکت کی جس میں موجودہ حکومت کی تعلیمی پالیسی کے متعلق سوالات کے جوابات دیئے۔ بعد ازاں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر امتیاز علی خان نے اپنے دور میں کئے گئے اقدامات کے بارے میں مہمانوں کو مختصر بریفنگ دی جس میں انہوں نے اکیڈمکس، ریسرچ اور ایڈمنسٹریشن کے لئے کئے گئے اقدامات، 15 نئے ڈیپارٹمنٹ ، فارمیسی ڈیپارٹمنٹ کی ری کوکنیشن، لائبریری کیلئے دو کروڑ کی کتابوں، یونیورسٹی سٹیٹس کی منظوری، یونیورسٹی آف صوابی جرنل کے اجرائ، 103 ریسرچ پراجیکٹس، 5 بین الاقوامی کانفرنس اور 22 قومی کانفرنس کے انعقاد، طلبہ کیلئے تفریحی اور مطالعاتی دورے، سپورٹس ایونٹ اور یونیورسٹی ملازمین کیلئے بہترین مراعات اور ترقیوں کا ذکر کیا۔چیئر مین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے یونیورسٹی کے لئے کئے گئے اقدامات، انفراسٹرکچر اور جاری ترقیاتی کاموں کو خوب سراہا اور کہا کہ اگلے چند سالوں میں یونیورسٹی آف صوابی کا شمار ملک کے بہترین جامعات میں ہوگا۔ انہوں نے یونیورسٹی کیلئے دو کروڑ روپے کا اعلان کیا اور طلبہ کیلئے ایک بہترین ہاسٹل کے قیام کے لیے بھی تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ جس سے طلبہ کو مزید فائد ہوگا۔ اس موقع پر ڈی سی صوابی سلمان لودھی اور ڈی پی او صوابی خالد ہمدانی بھی موجود تھے۔

متعلقہ خبریں