Daily Mashriq

این آر او کے لیے کسی نے براہ راست مجھ سے رابطہ نہیں کیا، وزیراعظم

این آر او کے لیے کسی نے براہ راست مجھ سے رابطہ نہیں کیا، وزیراعظم

 اسلام آباد:  وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کسی کی جانب سے این آر او کے لیے براہ راست مجھ سے رابطہ نہیں کیا گیا۔

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اراکین پارلیمنٹ بھی ٹیکس دینے کے لیے عوام میں آگاہی مہم چلائیں، اپوزیشن احتجاج کا شوق پورا کرے کوئی پرواہ نہیں، ہمیں کارکردگی سے جواب دینا ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے کہا کہ اراکین پارلیمنٹ عوام کو معاشی بحران کے ذمہ داروں سے آگاہ کریں، بجٹ منظوری قانونی تقاضہ ہے، تمام اراکین اپنی حاضری یقینی بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے این آر او کے لیے براہ راست اپروچ نہیں کیا گیا، سب کو معلوم ہے میں کرپشن کیسز پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، اپوزیشن اے پی سی کرے یا تحریک چلائے، این آر او نہیں ملے گا۔

اجلاس سے خطاب کے دوران وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقوں اور بلوچستان کے لیے ترقیاتی فنڈ میں اضافہ کیا ہے جب کہ پاک فوج نے فاٹا اور بلوچستان کے لیے اپنی تنخواہوں کا اضافہ نہیں لیا۔

متعلقہ خبریں