Daily Mashriq

پشاورزلمی ناکام، اسلام آباد یونائیٹڈدوسری بار چیمپیئن

پشاورزلمی ناکام، اسلام آباد یونائیٹڈدوسری بار چیمپیئن

ویب ڈیسک:پاکستان سپر لیگ تھری کے فائنل میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو شکست دےایونٹ اپنے نام کر لیا۔ 

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے بلے باز اسلام آباد یونائیٹڈ کی شاندار بولنگ کے باعث بڑا ٹوٹل حاصل  کرنے میں ناکام رہے اور مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 148 رنز بناسکے جس کے جواب میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے مطلوبہ ہدف 7 وکٹ کے نقصان پر 17ویں اوور میں حاصل کیا۔

 پشاور زلمی کے کپتان ڈیرین سیمی نےٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ۔

پشاور زلمی کی جانب سے کامران اکمل اور اندرے فلیچر نے اننگز کا آغاز کیا لیکن وہ ابتدائی 2 اوور تک بہت ہی محتاط رہے جس کے بعد فلچر نے تیسرے اوور میں سمت پٹیل کو لگاتار 2 چوکے رسید کیے۔

تیسرے اوور میں پشاور زلمی کو اس وقت بڑا دھچکا لگا جب کامران اکمل 9 گیندوں پر صرف ایک رنز بناکر سمت پٹیل کا شکار بنے۔

محمد حفیظ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے اور ایک شاندار چھکا رسید کرکے اپنے خطرناک عزائم کا اظہار کیا لیکن سمت پٹیل نے ان کی بھی  ایک نہ چلنے دی اور 8رنز پر ہی انہیں پویلین واپس بھیج دیا۔

کامران اکمل اور محمد حفیظ کے آؤٹ ہونے کے بعد اندرے فلیچر نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کچھ اچھے اسٹروکس کھیلے لیکن وہ شاداب خان کی ایک گیند کو بالکل نہ سمجھ پائے اور اس پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ وہ 21 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔

اس موقع پر جورڈن اور لیام ڈاسن نے چوتھی وکٹ کی شراکت میں ٹیم کیلئے قیمتی 52رنز کا اضافہ کیا تاہم کرس جورڈن حسین طلعت کو ایک چھکا رسید کرنے کے بعد اگلی گیند پر باؤنڈری پر کپتان ڈومینی کو کیچ دے بیٹھے۔ وہ 26 گیندوں پر 36 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے

جورڈن کے پویلین لوٹنے کے بعد سعد نسیم بیٹنگ

کے لیے آئے لیکن وہ صرف 3 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے اور 2 رنز بنانے کے بعد حسین طلعت کی گیند پرانہیں کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوگئے۔

اس موقع پر کپتان ڈیرن سیمی نے اپنے مزاج کے خلاف دفاعی انداز اپنایا جو انہیں بہت مہنگا پڑا اور انہیں 6 گیندیں کھیلنے کے بعد ہی پویلین واپس جانا پڑا، وہ 6 رنز بناکر شاداب خان کا شکار بنے جب کہ شاداب نے اگلی ہی گیند پر عمید آصف کو بھی کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔

لیام ڈاسن نے بھرپور کوشش کی کہ وہ وکٹ پر موجود رہ کر اپنی ٹیم کو بڑا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہے لیکن وہ بھی 33 رنز پر ہمت ہار بیٹھے، انہیں محمد سمیع نے بولڈ کیا جب کہ حسن علی بھی 5 رنز بناکر آؤٹ ہوئے

وہاب ریاض نے آخری لمحات میں چند شاندار اسٹروکس کھیلے جس کی بدولت پشاور زلمی کی ٹیم اسکور بورڈ پر ایک مناسب ٹوٹل سجانے میں کامیاب رہی، وہاب ریاض 14 گیندوں پر 28 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔


اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے شاداب خان نے 3، سمیت پٹیل، حسین طلعت نے 2،2 جب کہ فہیم اشرف اور محمد سمیع نے ایک ایک وکٹ حاصل کی

 

 

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے لیوک رونکی اور صاحبزادہ فرحان نے اننگز کاآغاز کیا اور پشاور زلمی کےبلے بازوں کے برعکس گراونڈ کے چاروں اطراف میں کھل کر سٹروکس کھیلے۔

لیوک رونکی نے ایک بار پھر اپنے پچھلے میچوں کی کارکردگی کو جاری رکھتے ہوئے نہ صرف جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا بلکہ پی ایس ایل میں ایک اور برق رفتار نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے پشاور زلمی کے اوپننگ بلے باز کامران اکمل سے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا اعزاز بھی چھین لیا،

اسلام آباد کی پہلی وکٹ 96کے مجموعی سکور پر گری جب لیوک رونکی 26گیندوں پر 52رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر آوت ہوئے، ان کی اننگز میں5چھکے اور 4 چوکے شامل تھے

پشاور زلمی کو دوسری کامیابی کے لیےزیادہ انتظار نہیں کرنا پڑااورتیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آئے آنے والے چیڈوک والٹن صرف 2 گیندوں کے مہمان ثابت ہوئے، وہ عمید آصف کا شکار بنے۔

اسکے بعد کپتان جے پی ڈومینی خود بیٹنگ کے لیے آئے لیکن کرس جورڈن نے انہیں بھی صرف 2رنز بنانے بعد کاٹ اینڈ بولڈ کر کے پویلین واپس بھیج دیا

اوپننگ بلے باز صاحبزادہ فرحان بھی 33 گیندوں پر 44 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوگئے، ان کی اننگز میں 1 چھکا اور 5 چوکے شامل تھے جب کہ وہاب ریاض نے انہیں پویلین بھیجا۔

حسن علی نے اپنے ابتدائی اسپیل میں مہنگے ترین بولر ثابت ہوئے اور صرف 2 اوورز میں 31 رنز دیے لیکن اپنےتیسرے اوور میں صرف ایک رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے سمت پٹیل اور شاداب خان کو آوٹ کیا۔

آخری لمحات میں کامران اکمل نے عمید آصف کی گیند پر آصف علی کا مشکل کیچ چھوڑا جو پشاور زلمی کے لیے بہت زیادہ بھاری ثابت ہوا کیوں کہ اگلے ہی اوور میں آصف علی نے حسن علی کو لگاتار 3 بلند وبانگ چھکے رسید کرکے اسلام آبادیونائیٹڈ کو فتح سے ہمکنار کرادیا۔

متعلقہ خبریں