Daily Mashriq

بلوچستان میں فورسز کی کارروائی، 4 مبینہ دہشتگروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا

بلوچستان میں فورسز کی کارروائی، 4 مبینہ دہشتگروں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا

کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے ضلع لورالائی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی کے دوران لیویز اہلکاروں پر حملے کے ماسٹرمائنڈ سمیت 4 مبینہ دہشتگردوں نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔

اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ پولیس (اے ایس پی) عطا الرحمٰن نے بتایا کہ خفیہ اطلاعات پر محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے اہلکار، فرنٹیئر کور اور پولیس اہلکاروں نے مشترکہ طور پر لورالائی کے علاقے نصرآباد میں ایک کمپاؤنڈ پر چھاپہ مارا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ کمپاؤنڈ میں موجود دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوگیا۔

اس دوران ہی کمپاؤنڈ میں موجود 4 دہشت گردوں نے خود کو دھماکا خیز مواد سے اڑا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔

اے ایس پی نے بتایا کہ اس کارروائی کے دوران فرنٹیئر کور کا ایک اہلکار فائرنگ کے تبادلے میں زخمی بھی ہوا ہے جسے فوری طور پر قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔

سیکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد دہشت گردوں کی موجودگی سے متعلق تحقیقات کے لیے کمپاؤنڈ پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

ایک سیکیورٹی افسر نے اپنا نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ لیویز اہلکاروں پر حملے کا ماسٹرمائنڈ بھی اپنے آپ کو دھماکا خیز مواد سے اڑانے والوں میں شامل ہے۔

خیال رہے کہ بلوچستان کے علاقہ لورالائی میں دہشت گردوں کی جانب سے مذموم کارروائیاں کی جاتی رہی ہیں۔

متعلقہ خبریں