Daily Mashriq


چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کیلئے موبائل کارڈ پر ٹیکس بحالی کی تجویز پر قوم سے رائے طلب کر لی

چیف جسٹس نے ڈیمز کی تعمیر کیلئے موبائل کارڈ پر ٹیکس بحالی کی تجویز پر قوم سے رائے طلب کر لی

ویب ڈیسک: چیف جسٹس پاکستان میاں ثاقب نثار نے تجویز دی ہے کہ قوم اجازت دے تو ڈیمز کی تعمیر کیلئے موبائل کارڈ پر ٹیکس لگائے جا سکتے ہیں، عوام اس بارے میں اپنی رائے ضرور دیں۔

لندن میں ہونے والی تقریب سے خطاب کے دوران غیر متنازعہ ڈیمز تعمیر نہ کیے جانے کو مجرمانہ غفلت قراردیتے ہوئے  چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ آج تک پانی بنانے کی کوئی فیکٹری نہیں بن سکی، موسمی تبدیلیوں کے باعث بارشوں میں کمی واقع ہوئی جس کی وجہ سے دن بدن پانی کی سطح میں تیزی سے کمی ہو رہی ہے۔

 چیف جسٹس کہا کہ پانی آنے والی نسلوں کیلئے زندگی ہے، اسکو ضائع ہونے سے بچانے کیلئے اقدامات کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا پاکستان میں پانی کی سطح تیزی سے گر رہی ہے جس سے چھوٹے بڑے شہر متاثر ہو رہے ہیں، آنے والے دنوں میں اس حوالے سے بہت کچھ کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کا دورہ کرتے ہوئے دیکھا وہاں پانی بیچنے والے مافیا تھے، از خود نوٹس لیکر غیر قانونی ہائیڈرنٹس کیخلاف کارروائی کی۔

انہوں نے کہا ڈیم فنڈ میں بیرون ممالک سے سکھ کمیونٹی اور خواجہ سراؤں نے بھی عطیات دیئے ہیں، جب تک زندگی ہے ڈیم فنڈ میں ایک روپے کی کرپشن نہیں ہونے دینگے۔ چیف جسٹس نے کہا موبائل فون پری پیڈ کارڈ ٹیکس سے سالانہ 36 ارب روپے جمع ہوسکتے ہیں، قوم تجویز دے تو اسے ڈیم فنڈ میں جمع کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں